کوئٹہ۔ 16 مئی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہا ہے کہ یوم تشکر نئے عزم اور ولولے سے پاکستان کی سالمیت، بقا اور دفاع کے عزم کا دن ہے۔ انہوں نے آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد جمعہ کو یوم تشکر کے موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ یوم تشکر آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی پر اللہ رب العزت کے دربار میں شکر کا دن ہے ،میں پوری قوم کے جذبے، اتحاد اور حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن بنیان مرصوص وہ تاریخی لمحہ تھا جب پاکستان نے نہ صرف اپنی سرزمین کا بہادری سے دفاع کیا بلکہ بھارت کے غرور کو بھی خاک میں ملا دیا۔
انھوں نے کہا کہ مسلح افواج نے پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور ایمان سے سرشار ہو کر دشمن کی جارحیت کا مؤثر جواب دے کر ہمیشہ کے لیے ان کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک عسکری کامیابی نہیں تھی بلکہ دنیا کے لیے ایک واضح پیغام تھا کہ پاکستان ایک متحد، پرعزم اور ناقابلِ شکست قوم ہے۔انہوں نے اپنی افواج، ریاستی اداروں اور پاکستانی عوام کو سلام پیش کیا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597719