یوم عاشور امام حسینؓ کی عظیم قربانی اور دین کی سربلندی کے عزم کا دن ہے، پنجاب بھر میں سکیورٹی کے مثالی انتظامات ، عظمیٰ بخاری

54
Uzma Bukhari

فیصل آباد ۔ 06 جولائی (اے پی پی):صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عاشورہ محرم الحرام حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی اور دین کی سربلندی کے عزم کا دن ہے اور اس دن کی مناسبت سے پنجاب میں مثالی انتظامات کیے گئے۔ اتوار کوچوک گھنٹہ گھر فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ عاشورہ کا مرکزی جلوس اپنے روایتی راستوں پر پُرامن انداز میں جاری ہے اور مذہبی ہم آہنگی کی فضا واضح طور پر محسوس کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام، امام بارگاہوں کے منتظمین، امن کمیٹیاں اور انتظامیہ مثالی تعاون کر رہے ہیں جس پر وہ وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے ان کی شکر گزار ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر صوبے بھر میں تاریخی سطح پر امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنے کیلئے سیکورٹی کے مثالی انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں صفائی، پینے کے پانی کی سبیلیں، طبی امداد، ریسکیو، فائربریگیڈ اور سول ڈیفنس کے عملے کو مکمل طور پر فعال رکھا گیا ہے۔ انہوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ عزاداروں کی بڑی تعداد نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے لیے دعائیں کی ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے رواں برس پہلی بار سوشل میڈیا پر بھی بھرپور مانیٹرنگ کا نظام نافذ کیا گیاہے تاکہ فیک نیوز کا بروقت سدباب ممکن ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض شرپسند عناصر سوشل میڈیا پر گمراہ کن خبریں پھیلا رہے تھے جن کے خلاف کارروائی کی گئی۔ ان کے اکاؤنٹس کو بلاک کیا گیا ہے اور بعض افراد کی گرفتاریاں بھی عمل میں لائی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل میڈیا پر قابل اعتراض اور فرقہ وارانہ مواد شیئر کرنے پر417ویب سائٹس کو بلاک کیا گیا جبکہ 638 ویب سائٹس انڈر آبزرویشن ہیں۔

اسی طرح 356 کے قریب ویب سائٹس انیلسز کے پراسیس سے گزر رہی ہیں جبکہ 295 ویب سائٹس پر اعتراضات کو رد کیا گیا۔عظمیٰ بخاری نے مزید کہا کہ پنجاب بھرمیں اعلیٰ سطح کے افسران جن میں آر پی اوز، کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز شامل ہیں وہ خود جلوسوں کے راستوں پر پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محرم کی مجالس اور ماتمی جلوسوں کی براہ راست نگرانی کنٹرول رومز کے ذریعے کی جا رہی ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ وہ خود بھی فیلڈ میں موجود ہیں اور تمام انتظامات کا ذاتی طور پر معائنہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشورہ کے پُرامن انعقاد کے لیے حکومت نے ہر ممکن کوشش کی ہے۔ تاہم انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ محرم الحرام کے تقدس کو ملحوظ خاطر رکھتے ہو ئے لوگوں کو اتحاد، صبر اور تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔