راولپنڈی۔ 07 جولائی (اے پی پی):سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی ہدایت پر دسویں محرم الحرام کو ریسکیو 1122 کی جانب سے ایمرجنسی کور پلان کے مطابق 480 سے زائد متاثرہ افراد کو فوری موقع پر طبی امداد فراہم کی گئی، یوم عاشور پر ریسکیو 1122 کے اہلکار ہمراہ ایمرجنسی ریسورسز ہائی الرٹ رہے۔
ضلع بھر میں دو سو سے زاہد ریسکیو اہلکار ،سات فائر ٹینڈرز، پندرہ ایمرجنسی ایمبولینسز، بیس ریسکیو موٹر بائیکس، دو اسپیشل ریسکیو وہیکلز اور دس موبائل ریسکیو پوسٹ پر تعینات رہے ، تمام مرکزی امام بارگاہوں پر ایمرجنسی کور پلان کے مطابق ریسکیو اہلکار اپنے فرائض سر انجام دینے میں مصروف رہے ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر براہِ راست ایمرجنسی کور پلان کی نگرانی کرتے رہے، ریسکیو 1122 کا کنٹرول روم 24/7 فعال رہا ۔
دسویں محرم کے دوران ہر ایمرجنسی کال پر فوری رسپانس کیا گیا۔موٹر بائیکس ریسکیو سروس کی مخصوص مقامات پر تعیناتی رہی، بڑی مجالس اور جلوسوں کے لیے قائم کی جانے والی موبائل پوسٹس پر بروقت امدادی کارروائیاں جاری رہیں، مرکزی اہم امام بارگاہوں پر ریسکیو 1122 کی خصوصی میڈیکل پوسٹس قائم کی گئی تھیں،مرکزی جلوس میں خصوصی پوسٹس اور ایمرجنسی وہیکلز تعینات کی گئی تھیں،ریسکیو اسٹیشنوں پر سٹاف موجود رہا۔ ایمرجنسی وہیکلز الرٹ جبکہ تربیت یافتہ رضاکار بھی معاونت کے لیے موجود رہے۔