یوم عاشورہ ہمیں حق و باطل، انصاف اور ظلم کے درمیان لازوال جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، بلاول بھٹو

22
بلاول بھٹو زرداری

کراچی۔ 06 جولائی (اے پی پی):پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ یوم عاشورہ ہمیں حق و باطل، انصاف اور ظلم کے درمیان لازوال جدوجہد کی یاد دلاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کربلا میں حضرت امام حسینؓ ،ان کے اہل خانہ اور ساتھیوں کی عظیم قربانی ظلم کے خلاف اٹھنے اور حق پر ثابت قدم رہنے والوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

پی پی پی کے چیئرمین نے مزید کہا کہ حضرت امام حسینؓ کی شہادت اسلامی تاریخ کا صرف ایک باب نہیں بلکہ ہمارے ایمان کی روح، ہمت، قربانی اور ظلم کے خلاف مزاحمت کی علامت ہے۔انہوں نے کہا کہ کربلا ہمیں سکھاتا ہے کہ ظلم کے سامنے کبھی نہ جھکنا چاہے وہ کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو۔

انہوں نے قوم پر زور دیا کہ وہ عاشورہ کو عقیدت، وقار اور تمام مکاتب فکر کے احترام کے ساتھ منائیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ آئیے ہم ناانصافی، فرقہ واریت اور خوف سے پاک پاکستان کی تعمیر کے لیے حضرت امام حسینؓ کی میراث سے طاقت حاصل کریں۔