یوم پاکستان کوطاقت، اتحاد اور غیر متزلزل جذبے سے منانا ہماری عظیم قوم کی میراث ہے،وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ

35

اسلام آباد۔23مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر قانون و انصاف سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہےکہ یوم پاکستان کوطاقت، اتحاد اور غیر متزلزل جذبے کے تحت مناتے ہیں جو ہماری عظیم قوم کی میراث ہے۔

ہفتہ کویوم پاکستان کے حوالے سے اپنے پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ آج ہم اپنے آباؤ اجداد کے وژن اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایک ایسے وطن کا تصور دیا جہاں انصاف، مساوات اور خوشحالی کا راج ہو۔انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان ترقی اور خوشحالی کی طرف ہمارے اجتماعی سفر کی یاد دہانی کا یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لوگوں کے ناقابل تسخیر جذبے کا منہ بولتا ثبوت ہے، جو زندگی کے ہر شعبے میں بہترین کارکردگی کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔

وزیر قانون نے کہا کہ آئیے جمہوریت، انصاف اور قانون کی حکمرانی کے اصولوں کو برقرار رکھنے کے اپنے عزم کا اعادہ کریں۔ اس پرمسرت موقع پرآئیے ہم ایک خوشحال اور ہمہ گیر پاکستان کی تعمیر کے اپنے عہد کی تجدید کریں جہاں ہر شہری ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکے، انہوں نے مزید کہا کہ آئیں سب مل کر انصاف اورمساوات کے اصولوں پر مبنی روشن مستقبل کے لئےجدوجہد کریں۔