فیصل آباد۔5فروری (اے پی پی):فیصل آباد ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کی تقریب اتوار کی صبح پنجاب آرٹس کونسل فیصل آبادکے سبزہ زار میں منعقد کی گئی جس میں کمشنر فیصل آبادسلوت سعید، ڈپٹی کمشنرعمران حامد شیخ،ڈائریکٹر آرٹسلونسل زاہد اقبال،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر کاشف محمود کمبوہ، سی ای او ایجوکیشن افتخار احمد، صدر انجمن تاجران کلاتھ بورڈ نصیر یوسف ووہرا، ممتاز عالم دین زاہد محمود قاسمی، ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران، صحافی، وکلا، علما، دانشور، صنعتکار، تاجر، اساتذہ، طلبا اور سول سوسائٹی کے تمام مکاتب فکر کے افراد بڑی تعداد میں شریک تھے۔
تقریب کے آغاز پر صبح 10بجے شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان سمیت ان کے اہل خانہ و کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ایک منٹ کی مکمل خاموشی اختیار کی گئی اور بعدازاں آزاد کشمیر اور پاکستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔ اس موقع پر سول ڈیفنس اور پولیس کے دستے نے سلامی بھی پیش کی۔ تقریب سے خطاب میں کمشنر فیصل آباد ڈویژن سلوت سعید نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیرمنانے کامقصد عالم اقوام کو یہ باور کرانا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر کشمیر کا مقدمہ لڑ اجا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ جدوجہد آزادی میں دی جانیوالی قیمتی قربانیاں کشمیر یوں کا ہم پر قرض ہے جس کیلئے ہم اکٹھے ہوئے ہیں جبکہ مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں لہٰذا اگر جسم کے کسی ایک حصے کو تکلیف ہو تو پورا جسم اس کے درد محسوس کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے کشمیری بھائی جس تکلیف میں مبتلا ہیں اس سے انہیں نجات دلانے کیلئے ہم اکٹھے ہوئے اوراقوام عالم کو باور کرارہے ہیں کہ کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں بند کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں میں بھی ان کا دکھ محسوس کیا جارہا ہے اورہم سفارتی و سوشل فورم پر کشمیر یوں کی آواز اٹھاتے رہیں اورمل کر پوری دنیاکو بتائیں گے کہ کمشنر ہماری شہ رگ ہے۔ڈپٹی کمشنر عمران حامد شیخ نے کہا کہ ہم نے قسم اٹھائی تھی کہ دنیا کے ہر فورم پرکشمیریوں کی آزادی کی آواز اٹھائیں اوراقوم متحدہ کے فورم پر کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہماری تقاریب ایک قرض ہے اور انشااللہ وہ دن دور نہیں کہ کشمیر ہمارا حصہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ہم تمام پاکستانی نہتے و مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں جبکہ بھارت کے بدترین ریاستی جبر نے تحریک حریت میں نئی روح پھونک دی ہے اور74 برس تک بھارتی ظلم و جارحانہ رویہ سہنے کے باوجود اہل کشمیر نسل در نسل اپنے حقوق و تحفظ کے حصول کیلئے کھڑے اور ظلم و بربریت کر مقابلہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میں اگست 2019 سے جاری لاک ڈاؤن بھی کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبا نہیں سکانیزحکومت نے کشمیریوں کا مقدمہ ہر بین الاقوامی فورم پر جس مدبرانہ انداز میں پیش کیا پوری قوم کو اس پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کا ہر شہری مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور کشمیر کی آزادی کیلئے ان کی اخلاقی و سفارتی امداد جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن اپنے کشمیری بھائیوں کو باورکرانا ہے کہ وہ اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ تمام پاکستانی قوم کشمیریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔انہوں نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے غیر متزلزل عزم اوربلند حوصلے کو سلام پیش کیا اور کہا کہ5 فروری عالمی برادری کو یا دہانی کراتا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قرار داد کی روشنی میں کشمیریوں کو اپنے سیاسی مستقبل کے تعین کا حق دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عالمی برادری سے یہ سوال پوچھنے کیلئے حق بجانب ہیں کہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق انہیں بنیادی حق سے کیوں محروم رکھا جا رہاہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی سرکار نے غیر آئینی اورغیر قانونی ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل بنارکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت ریاستی جبر وتشدداورکشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کر کے کشمیریوں کو آزادی کے حق سے محروم نہیں رکھ سکتا۔انہوں نے کہا کہ نام نہاد جمہوریت کے دعویداروں کا سیاہ چہرہ بے نقاب ہوچکا ہے جبکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام اپنی آزادی اور بقاکی جنگ لڑ رہے ہیں اور کشمیر تقسیم ہند کا نا مکمل ایجنڈا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اپنے خون سے نئی تاریخ رقم کی ہے لہٰذا اس دلیرانہ جدوجہد کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بہن بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی تھی،ہے اوررہے گی۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کیساتھ بھارت کے روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ اپنی اخلاقی،سفارتی اور سیاسی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو بھارتی افواج کے بدترین مظالم بند کرانے کیلئے اپنامؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کیلئے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے اوراس سلسلہ میں عالمی اداروں کو مؤثرکردار ادا کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے غیر قانونی اقدامات ریاستی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔انہوں نے کشمیریوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہیدوں کا خون ضرور رنگ لائے گااور با لآخرمسئلہ کشمیرکو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل کرنا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں جبکہ کشمیر کی آزادی پاکستان کی بقاو سلامتی کیلئے انتہائی ناگزیر ہے۔