31 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 17, 2025
ہومعلاقائی خبریںیومِ تشکر پر اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش...

یومِ تشکر پر اپنے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، ملک کی آزادی، سلامتی اور خودمختاری کو قائم رکھنے کیلئے ہمیں ہمیشہ تیار رہنا ہوگا، علما اکرام

- Advertisement -

لاہور۔16مئی (اے پی پی):یومِ معرکہ حق اور یومِ تشکر کے موقع پر جمعہ کے روز لاہور بھر کی مرکزی مساجد میں ملک کی سلامتی، ترقی اور افواجِ پاکستان کے تحفظ و استحکام کے لیے خصوصی دعاں کا اہتمام کیا گیا۔نمازیوں کی کثیر تعداد نے جمعہ کے اجتماعات میں شرکت کی اور شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ جامع مسجد داتا دربار، بادشاہی مسجد، جامعہ نعیمیہ، مسجد وزیر خان، جامعہ اشرفیہ، مسجد خضرا ماڈل ٹاون سمیت دیگر اہم مساجد میں ہزاروں افراد نے جمعہ کے اجتماعات میں شرکت کی۔اس موقع پر علما کرام نے اپنے خطبات میں پاکستان کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت میں پاک فوج کے کردار کو سراہا اور شہدا کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔بادشاہی مسجد کے خطیب مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، یہی قوم کے اصل ہیرو ہیں۔

پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر سازش کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تشکر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ملک کی آزادی، سلامتی اور خودمختاری کو قائم رکھنے کے لیے ہمیں ہمیشہ تیار رہنا ہوگا۔جامعہ اشرفیہ میں خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحیم نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ دشمن قوتوں کے خلاف جس استقامت اور قربانی کا مظاہرہ ہماری افواج نے کیا، وہ تاریخ کا روشن باب ہے۔جامعہ نعیمیہ میں خطاب کرتے ہوئے مفتی راغب حسین نعیمی نے کہا کہ پاک فوج ملک کا مضبوط قلعہ ہے، جس نے ہر مشکل وقت میں قوم کی حفاظت کی۔داتا دربار مسجد میں ہونے والے اجتماع میں ہزاروں فرزندانِ اسلام نے ملک کی سلامتی، اتحادِ امت، افواجِ پاکستان کی کامیابی اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے اجتماعی دعا کی۔

- Advertisement -

نمازیوں نے اس موقع پر پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے عہد کیا کہ وطنِ عزیز کے دفاع اور ترقی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ علما کرام نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ملک دشمن عناصر کے پروپیگنڈے سے ہوشیار رہیں اور افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں۔نماز جمعہ کے بعد مساجد میں اجتماعی دعا کروائی گئی جس میں شرکا نے وطنِ عزیز کی ترقی، اتحاد، امن اور شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعائیں مانگیں۔ اس موقع پر مختلف مذہبی و سماجی تنظیموں نے بھی اپنے پیغامات میں پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔شہریوں کی جانب سے بھی اس دن کو عقیدت و احترام سے مناتے ہوئے شہدا کی قبروں پر پھول چڑھائے گئے اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا گیا۔ لاہور کی فضا وطن سے محبت، اتحاد اور یکجہتی کے جذبات سے معمور رہی۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598032

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں