اسلام آباد۔14اگست (اے پی پی):یونائٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی )نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز ( ایف پی سی سی آئی ) کے الیکشن کے لیے انتخابی مہم کا آغاز کر دیا۔ ملک میں چیمبرز اور تاجر ایسوسی ایشنز کے سب سے بڑے اتحاد یو بی جی نے اتوار کو ایف پی سی سی آئی کے آئندہ سالانہ انتخابات میں ووٹرز کی زیادہ سے زیادہ حمایت حاصل کرنے کے لیے مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔ یو بی جی کے چیئرمین شہزاد علی ملک (ستار امتیاز) نے گروپ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہم کے پہلے مرحلے کے دوران ہم ملک بھر کے تمام بڑے شہروں کے دورے کر کے متعلقہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ میراتھن میٹنگز کے انعقاد کے علاوہ ان کے علاقائی اور مقامی رہنمائوں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ یو بی جی نے تمام رہنمائوں کو اعتماد میں لینے کے بعد اتفاق رائے سے اصولی طور پر فیصلہ کیا ہے کہ فیڈریشن کے الیکشن میں صرف ایسے با صلاحیت اور جیتنے کی استعداد رکھنے والے امیدواروں کو ٹکٹ دیا جائے گا جو کاروباری برادری میں اچھی شہرت اور ساکھ کے حامل ہوں گے۔ شہزاد علی ملک نے اعلان کیا کہ پہلے مرحلے میں یو بی جی کے صدر زبیر طفیل، سیکرٹری جنرل ظفر بختاوری اور سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر اختیار بیگ و دیگر رہنمائوں کے ہمراہ صوبہ خیبر پختونخوا اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا دورہ کریں گے، دوسرے مرحلے میں پنجاب کے بڑے شہروں کے دورے کر کے ان کے چیمبرز اور ایف پی سی سی آئی سے منسلک تجارتی اداروں اور ایسوسی ایشنز کے ساتھ ملاقاتیں کی جائیں گی، تیسرا مرحلہ کراچی اور اندرون سندھ چیمبرز پر مشتمل ہوگا جبکہ آخری مرحلے میں صوبہ بلوچستان کا دورہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے صدارتی امیدوار عاطف اکرام اور کراچی سے تعلق رکھنے والے سینئر نائب صدر کے امیدوار عارف جیوا کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ دیگر گروپ لیڈروں کے ساتھ مل کر بھر پور انتخابی مہم شروع کریں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ تمام ووٹرز کے ساتھ ذاتی طور پر رابطہ کیا جائے جو کہ یو بی جی کی مہم کا خاصہ ہے۔