سرگودھا۔ 16 اکتوبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف سرگودھا میں شعبہ سپورٹس سائنسز کے زیر اہتمام خصوصی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا جس میں طلبہ کو بتایا گیا کہ وہ مقابلہ سے قبل ذہنی دباؤ پر کیسے قابو پا سکتے ہیں۔ یہ ورکشاپ شعبہ سپورٹس سائنسز نے شعبہ سائیکالوجی اور کونسلنگ سنٹر کے تعاون سے منعقد کی جس میں نفسیات کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محسن عطا ء بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے جبکہ اس موقع پر شعبہ سپورٹس سائنسز کے انچارج ڈاکٹر یاسر اقبال وڑائچ، لیکچرر فزیکل ایجوکیشن اور ایونٹ کی فوکل پرسن ریما امان سمیت فیکلٹی ممبران، طلبا و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ڈاکٹر محسن عطاء نے اپنے خطاب میں کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں سے قبل طلباء میں ذہنی دباؤ اور تناؤ ایک عام مسئلہ ہے جس کے نتیجے میں ان کی کارکردگی متاثر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کو نہ صرف جسمانی تربیت کی ضرورت ہوتی ہے بلکہ ان کی ذہنی اور جذباتی تیاری بھی لازمی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ طلبہ میں خود اعتمادی کو بڑھانا اور انہیں تناؤ کا سامنا کرنے کے لیے مناسب تکنیکیں سکھانا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ڈاکٹر محسن عطا نے اینگزائٹی کو کم کرنے کی مختلف تکنیکوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مثبت خود کلامی، گہری سانسیں لینے کی مشقیں اور ذہن کو پرسکون رکھنے کے لیے مراقبہ جیسی ورزشیں اینگزائٹی پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کوچز اور تربیتی عملے کو بھی اس مسئلے کی سنجیدگی کا ادراک کرنا چاہیے اور کھلاڑیوں کی جذباتی تربیت پر خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ڈاکٹر یاسر اقبال وڑائچ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے مقابلوں میں کامیابی کے لیے جسمانی فٹنس کے ساتھ ساتھ ذہنی فٹنس بھی بہت ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ طلبہ کو جسمانی تربیت کے ساتھ ساتھ ذہنی دباؤ کو کنٹرول کرنے کی تربیت بھی دینی چاہیے تاکہ وہ میدان میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔