ہری پور۔ 9 اکتوبر (اے پی پی):یونیورسٹی آف ہری پور کے شعبہ فزکس کی ”یوتھ فار یونٹی اینڈ پروگریس سوسائٹی“ نے ”ہمارے مسائل اور ان کا حل سیرت النبی کی روشنی میں“ کے موضوع پر ایک بصیرت افروز سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار میں اسلامک اینڈ ریلیجیئس سٹڈیز (آئی آر ایس) کے اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر محیمن نے کلیدی مقرر کے طور پر شرکت کی۔
ڈاکٹر محیمن نے عصر حاضر کے معاشرتی مسائل سے نمٹنے کیلئے حضور اکرم کی تعلیمات کی مطابقت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے پیغمبر آخرت الزماں کی مثالی زندگی کو ذاتی اور سماجی چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے رہنمائی کا ذریعہ قرار دیا، انصاف، عاجزی اور ہمدردی جیسی اقدار پر زور دیا۔
شعبہ فزکس کے سربراہ ڈاکٹر فیاض خٹک نے بھی شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ کس طرح سیرت النبی کے اصولوں کو ہماری روزمرہ کی زندگیوں میں شامل کرنے سے افراد اور کمیونٹیز کو درپیش چیلنجز کا عملی حل پیش کیا جا سکتا ہے۔ سیمینار کا اختتام ایک انٹرایکٹو سوال و جواب کی نشست کے ساتھ ہوا جہاں طلباءاور فیکلٹی ممبران نے جدید دور میں پیغمبرانہ تعلیمات کے اطلاق پر ایک فکر انگیز گفتگو کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=510317