22.6 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںحکومت کا ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن بند کرنے کا اعلان...

حکومت کا ملک بھر میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن بند کرنے کا اعلان ،ملازمین کو 28.2 ارب روپے کا جامع پیکج فراہم کیا جائے گا،ڈاکٹرطارق فضل چوہدری

- Advertisement -

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے پورے ملک میں یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کو بند کرنے کا اعلان کیا۔یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر شبیر خٹک اور نیشنل ویلفیئر یونین کے سیکرٹری جنرل راجہ محمد مسکین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پریوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے تمام ملازمین مستقل، کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز کے حقوق مکمل طور پر محفوظ رکھے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اوریوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن ملازمین کی یونین کے درمیان ایک متفقہ فیصلہ ہوا ہے جس کے تحت ملازمین کو 28.2 ارب روپے کا جامع پیکج فراہم کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر ڈاکٹر طارق فضل نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن1971 میں قائم ہوئی تھی اور اس نے عوام کو ضروری اشیاء رعایتی نرخوں پر فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ 2009 تک اس کا نیٹ ورک 5,500 سے زائد اسٹورز پر پھیل چکا تھا اور تقریباً 12,750 ملازمین خدمات انجام دے رہے تھے تاہم حکومتی کوششوں کے باوجود یہ ادارہ مسلسل بھاری خسارے میں رہا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی واضح ہدایات ہیں کہ ملازمین کو بندش کی وجہ سے کسی قسم کا نقصان نہیں ہونا چاہیے،انہوں نے کہا کہ ملازمین کو پیکج کی فراہمی کے عمل کی نگرانی کے لیے وفاقی وزیر خزانہ کی سربراہی میں ایک خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے،وزارت خزانہ اور صنعت و پیداوار نے معاوضے کے فوائد کو حتمی شکل دینے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

- Advertisement -

پیکج کی غیرمعمولی نوعیت کو اجاگر کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے ملازمین کو بھی پیکج میں شامل کیا گیا ہےتاکہ یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے تمام عملے کو منصفانہ معاوضہ یقینی بنایا جا سکے۔ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی معیشت میں بہتری کے آثار نظر آ رہے ہیں اور اہم اشاریے مثبت سمت میں جا رہے ہیں۔

انہوں نے حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی پر افسوس کا اظہار کیاخاص طور پر خیبرپختونخوا میں جہاں تقریباً 800 جانیں ضائع ہوئیں۔انہوں نے ریلیف کے اقدامات پر پاک فوج، این ڈی ایم اے، صوبائی حکومتوں اور سول سوسائٹی کی تعریف کی جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی فوری امداد کی ہدایت کو سراہا۔اس موقع پر راجہ محمد مسکین نے وزیراعظم اور وفاقی حکومت کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن ملازمین کے لیے ایک منصفانہ اور باعزت تصفیہ یقینی بنایا۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں