اسلام آباد۔5اگست (اے پی پی):ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر ڈیمانڈ اینڈ سپلائی کی بہتری کیلئے اور برانڈڈ اشیاء کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے کچھ برانڈڈ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے تاہم یہ اضافہ برانڈڈ کمپنیوں کی طرف سے ہے۔
جمعہ کو ترجمان یوٹیلٹی سٹورز نے بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کو سامان سپلائی کرنے والے مختلف نیشنل اور ملٹی نیشنل برانڈڈ کمپنیوں نے مختلف برانڈڈ اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہےجبکہ مختلف دالوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، ان اشیاء کی قیمتیں مارچ، اپریل سے مستحکم رکھی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن خود مینوفیکچرنگ یا پروڈکشن نہیں کرتا بلکہ ملک کی مایہ ناز اور سرٹیفائیڈ برانڈڈ کمپنیوں سے خریداری کرتا ہے۔جب خام مال کی قیمتوں میں اضافہ، پروڈکشن چارجز میں اضافہ اور ٹرانسپورٹیش چارجز میں اضافہ ہوتا ہے تو پروڈکٹ کاسٹ بھی بڑھتی ہے جس کی وجہ سے قیمتوں پر نظر ثانی کرنی پڑتی ہے تاکہ ڈیمانڈ اینڈ سپلائی میں بہتری آئے اور ان پروڈکٹس کی دستیابی ممکن ہو۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے باوجود یوٹیلیٹی سٹورز پر عزم ہے کہ عوام الناس کو بنیادی اور برانڈڈ اشیاء اوپن مارکیٹ سے کم نرخوں پر مہیا کرتا رہے گا۔ یوٹیلیٹی اسٹورز پر ان اشیاء کی نئی قیمتیں پرنٹڈ ریٹیل مارکیٹ پرائس سے 5 فیصد تک کم ہوں گی۔یاد رہے کہ ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈائزڈ گھی عام مارکیٹ سے 150 روپے فی کلوگرام، چینی 20 سے 25 روپے فی کلو اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 700 روپے سستے ہیں۔سفید چنا مارکیٹ کی نسبت 20-40 روپے فی کلواور دال چنا کی قیمت 15-20روپے فی کلو کم ہے۔
اسی طرح دال مسورکے نرخ 30 سے 40روپے فی کلوکم قیمت پر دستیاب ہیں۔ ان دالوں پر 20روپے فی کلو سبسڈی بھی دی جارہی۔ اس کے علاوہ یوٹیلیٹی اسٹورز میں 1500 سے زائد دیگر اشیاء بھی عام مارکیٹ سے بارعایت فراہم کی جا رہی ہیں۔