یہ وقت امت میں اتحاد و یکجہتی پیدا کرنے کا ہے،علما طبیعت میں انصاف اور اعتدال پسندی پیدا کریں،ڈاکٹر طاہر القادری کا مذہبی سکالرز سے خطاب

111
یہ وقت امت میں اتحاد و یکجہتی پیدا کرنے کا ہے،علما طبیعت میں انصاف اور اعتدال پسندی پیدا کریں،ڈاکٹر طاہر القادری کا مذہبی سکالرز سے خطاب

لاہور۔16دسمبر (اے پی پی):تحریک منہاج القرآن کے بانی و سرپرست اعلی ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ علما قرآن اور حدیث و سنت کے علمی کلچر کا احیا کرکے امت میں اتحاد و یکجہتی پیدا کریں ،یہ وقت فاصلے کم کرنے اور دلوں کو جوڑنے کا ہے۔انہوں نے اپنے نوعیت کے ملکی تاریخ کے پہلے اور تاریخی دس ہزار سے زائد علما پر مشتمل ختم بخاری شریف کے ملک گیر تدریسی اجتماع سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ علما قرآن اور حدیث و سنت کے علمی کلچر کا احیا کرکے امت میں اتحاد و یکجہتی پیدا کریں ،یہ وقت فاصلے کم کرنے اور دلوں کو جوڑنے کا ہے،علمی اختلاف کو زحمت کی بجائے رحمت بنائیں۔

انہوں کہا کہ علم و تحقیق کے کلچر کو فروغ دے کر فروعی ابحاث اور مسلکی جھگڑوں کو کم سے کم کیا جاسکتا ہے،مسالک کے مابین اختلافات کم اور مشترکات زیادہ ہیں، علما و شیوخ، محدثین، معلمین و معلمات، مدرسین و مدرسات اور طلبا و طالبات اختلافات کی بجائے مشترکات پر توجہ مرکوز کرکے اتحادِ امت کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا دن پاکستان کی تاریخ کا ایک یادگار دن ہے ،تمام مکتب فکر سے تعلق رکھنے والے ہزارہا علما و مشائخ نے علم حدیث و سنت کے لیے ایک جگہ جمع ہوکر فتنہ انکارِ حدیث اور فتنہ الحاد پر کاری ضرب لگائی ہے۔

انہوں نے منہاج یونیورسٹی لاہور کے وسیع و عریض گرائونڈ میں ملک بھر سے آنے والے علمائے کرام اور خواتین مذہبی سکالرز کو خوش آمدید کہا اور انہیں مبارکباد دی۔ انہوں نے کہااکہ آج کے اس تدریسی اجتماع میں کراچی سے خیبر تک، جامع الرشید سے اکوڑہ خٹک کی جامعہ تک علما و مشائخ شریک ہیں۔

پاکستان کے چاروں کونوں سے یہاں علما آئے ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اہلِ علم نفرتوں کا خاتمہ اور اتحاد و یکجہتی کا ماحول چاہتے ہیں۔خواتین سکالرز کی ایک بہت بڑی تعداد اس تدریسی اجتماع کا حصہ تھی۔ منہاج القرآن انٹرنیشنل کی سپریم کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر حسن محی الدین قادری، صدر منہاج القرآن انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے علمائے کرام و مذہبی سکالرز کو ختم بخاری شریف کے اجتماع میں خوش آمدید کہا، ناظم اعلی خرم نواز گنڈاپور نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔