۔24 گھنٹوں کے دوران 403 افراد بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، لیسکو ترجمان

75
LESCO

لاہور۔17مارچ (اے پی پی):لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے بجلی چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 403 افراد بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ لیسکو ترجمان کے مطابق وزارت توانائی پاور ڈویڑن کی ہدایت کے مطابق چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 403 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے،جس میں سے 205 درخواستیں رجسٹرڈ ہوچکی ہیں جبکہ 3افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

پکڑے جانے والے کنکشنز میں 7 کمرشل، 1 زرعی اور 395 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 2 لاکھ 80 ہزار 2 سو4 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت ایک کروڑ 7 لاکھ 58 ہزار 1 سو 2 روپے ہے۔بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ ان تمام کے کنکشنز بھی منقطع کئے گئے اور ان کو ڈٹیکشن یونٹس چارج کئے گئے۔ جوہرٹاون کے علاقے میں کنکشن کو 200000 روپے ، الہ آباد کے علاقے میں کنکشن کو 175000، شاہدرہ ٹاون کے علاقے میں ملزم کو170000 اور شاہدرہ ٹاون ہی میں ایک اور ملزم کو 130000 روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔

انسداد بجلی چوری مہم کو 185 روز مکمل ہوگئے ہیں، اس دوران کل 64 ہزار7سو32 ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے جن میں سے 63 ہزار ایک سو 85 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کروا کر 20 ہزار 52 ملزمان کو گرفتار بھی کرکیا گیا۔ بجلی چوروں کو اب تک 8 کروڑ 23 لاکھ 40 ہزار 5 سو 53 یونٹس چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 3 ارب 13 کروڑ 15 لاکھ 50 ہزار ایک سو ایک ہے۔ لیسکو چیف نے کہا ہے کہ بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنے والے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔