فیصل آباد ۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ و صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ28مئی پاکستانی عوام کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہم نے دھماکوں سے ازلی دشمن ہندوستان کا غرور خاک میں ملا دیا۔وہ اتوار کی شام ضلع کونسل چوک فیصل آباد میں یوم تکبیر کی سلور جوبلی اور یوم استحکام پاکستان کی عظیم الشان تقریب سے خطاب کررہے تھے۔
قبل ازیں وہ اپنے آفس واقع بائی پاس پبلک سیکر ٹر یٹ سے ایک شاندار ریلی کی صورت میں مختلف علاقوں سے ہوتے ہوئے ضلع کونسل چوک پہنچے ، مسلم لیگ(ن) کے دیگر پارٹی عہدیداران، ممبران قومی اسمبلی،سابق ایم پی ایزبھی اپنے اپنے علاقوں سے بڑی بڑی ریلیوں کی قیادت کرتے ہوئے ضلع کونسل چوک پر اکٹھے ہوئے۔
خطاب کرتے ہوئے ر رانا ثنااللہ خان نے کہا کہ عمرانی فتنے نے نوجوانوں میں نفرت کے بیج بوئےجس پر انہوں نے جناح ہاؤس تک کو نہیں چھوڑا،ان لوگوں نے وہاں ہر چیز کو لوٹا اور بعد میں آگ لگا دی حالانکہ اس گھر میں قیمتی ریکارڈ تھے، ملٹری کورٹ میں پر ان پر مقدمات چلائے جائیں گے ،یہ لوگ کلبوشن سے زیادہ ملک کے دشمن ہیں۔
وفاقی وزیرداخلہ نے کہا کہ انہوں نے گزشتہ رات ایک خوفناک منصوبہ گھڑا کہ پی ٹی آئی کے کسی اہم رہنما کے گھر آگ لگا دیں،وہاں فائرنگ کا واقعہ کیا جا ئے جس میں کچھ لوگ ماردیئے جائیں اور الزام قانون نافذ کرنیوالے اداروں پر لگادیا جا ئے، اسی طرح خواتین کو ریپ کرنے کی سازش بھی بنائی گئی جس کا الزام بھی قانون نافذ کرنیوالوں پر تھونپا جانا تھالیکن انٹیلی جنس ادارے نے انہیں رپورٹ دی ،یہ ملک دشمن انسان ہے ،سیاست میں نفرت کا بیج بویا، مذاکرات سیاسی لوگوں سے ہوتے ہیں،تمہارے جعلی ٹائیگر جنہوں نے جعلی ٹائیگر کی کھال پہن رکھی تھی، ہمارے لیڈروں نے 3، 4 سال قید کاٹی اور ان لوگوں نے باہر آکر کہا کہ ہم نواز شریف کے سپاہی ہیں،میرے خلاف جھوٹے مقدمے بنائے گئے لیکن میں نے کہا کہ اپنے لیڈر کے ساتھ کھڑا رہا ،یہ لوگ 8 دن قید نہیں کاٹ سکے،معافی ان لوگوں کو ملے گی جن کا جرم قابل معافی ہے لیکن باقی لوگوں کو معافی نہیں ملے گی ۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا ہم کسی بے گناہ بندے کو گرفتار نہیں کریں گے اور مجرم کو چھوڑیں گے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں افسوس ہورہا ہے کہ پڑھے لکھے نوجوانوں نے غلطی کی جن کے والدین اس فتنے کو بددعائیں دے رہے ہیں کیونکہ ان کی زندگی تباہ ہوجائے گی، عمران خان نے 2 نمبر پلستر چڑھایا تھا، رینجر نے اسے ایک لمحے میں اتار دی۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اس کی نفرت نے 9 مئی کا دن ان کو دکھایا، ہم اپنی پاک فوج اوران کی فیملیوں کے ساتھ کھڑے ہیں ، ہم اگر اس کے ساتھ مذاکرات کریں گے تو شہدا کی فیملیز کو کیا جواب دیں گے،اس نے آرمی چیف کی تعیناتی پر سازش کی اوریہ بڑے ٹویٹ کررہا ہے لیکن اب اس کی کہانی ختم ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیصل آباد نے (ن) لیگ، میاں نواز شریف اور اپنی فوج کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں،خاص طور پر تمام پارلیمینٹیرینز کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں جو اتنی بڑی ریلیوں کی قیادت کرتے ہوئے یہاں پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے گھر پر اور آئی ایس آئی کے دفتر پر حملہ کیاگیا لیکن یہ اپنی مکروہ سازش میں کامیاب نہ ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایس آئی اورآرمی چیف پر پوری قوم کو ناز ہے۔یوم تکبیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے دنیا بھر کا دباؤاور لالچ مسترد کرکے پاکستان کو عالم اسلام کی واحد ایٹمی قوت بنایا،اگر ہم25 سال قبل 28 مئی 1998کوانڈیا کے دھماکوں کے جواب میں ایٹمی دھماکے نہ کرتے توپاکستان کا مستقبل غیر یقینی اور آنیوالی نسلیں غیر محفوظ ہو جاتیں،ہم نے دھماکوں سے ازلی دشمن ہندوستان کا غروربھی خاک میں ملا دیا، اب پاکستان ایٹمی قوت رکھنے والا عالم اسلام کاواحد ملک ہے جبکہ پاکستانی عوام اور عالم اسلام کیلئے اس کا ایٹمی قوت ہونا قابل فخر ہے، 28مئی ملک کے دفاع کو ناقابل تسخیربنانے کیلئے پاکستانی عوام کے غیر متزلزل عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے،آج پوری قوم1998 میں پاکستان کی جانب سے کئے گئے جوہری تجربات کے دن کی سلور جوبلی منا رہی ہے لہٰذا آئیے ہم سب مل کر ان افراد کی ناقابل فراموش خدمات کااعتراف کریں جنہوں نے اس تاریخی سنگ میل کو حاصل کرنے اور پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنانے میں اپنا تاریخی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ یوم تکبیر کا دن اپنے قائد نواز شریف کی حب الوطنی، بہادری، بصیرت اورقومی مفاد پر سمجھوتہ نہ کرنے کا دن ہے اورہم اللہ پاک کا شکر اور احسان بجالاتے ہوئے تمام پاکستانیوں کو مبارکباداورایٹمی سائنسدانوں سمیت پوری ٹیم کوبھی سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے وطن کی خاطر قربانیاں دیں اور 25 سال پہلے آنیوالی نسلوں کیلئے دفاع وطن کو ناقابل تسخیربنایا۔یوم تکبیر کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے دیگر ڈویژنل و ضلعی عہدیداران، ممبران قومی اسمبلی و سابق ممبران صوبائی اسمبلی اورپرجوش کارکنان بھی بڑی تعداد میں موجود تھے۔یوم تکبیر کے موقع پر شہر میں ہر طرف جشن کا سماں تھا اور فیصل آباد کے تمام علاقوں سے لیگی کارکنان کی درجنوں بڑی بڑی ریلیاں مرکزی تقریب میں شرکت کیلئے آتی رہیں۔