نوجوان پاکستان کو ترقی کی منازل سے ہمکنار کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، صدر مملکت کا یوتھ کنونشن سے خطاب

132

اسلام آباد۔18مئی (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم اپنی تقدیر بدلنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے، قوم نے دہشت گردی کا سخت مقابلہ کیا، ملک کی بقا اور دہشت گردی کو روکنے کے لئے پاک فوج نے اہم کردار کیا ہے، پاکستان کی جوہری طاقت پر مسلم امہ کو فخر ہے، پاکستان پر جب بھی آزمائش آئی پوری قوم نے حکومت کا انتظار کئے بغیر اس کا بھرپور طریقے پر مقابلہ کیا، نوجوانوں کی محنت اور کوششوں کے نتیجہ میں پاکستان دنیا کا ترقی یافتہ اور مضبوط ملک بنے گا، قائداعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے خوابوں کی تعبیر نوجوانوں سے وابستہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں جناح کنونشن سنٹر میں نیشنل یوتھ کنونشن 2022 سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام پاکستان انسی ٹیوٹ فار کنفلکٹ اسٹیڈیز نے کیا تھا۔

کنونشن میں پاک فضائیہ کے سابق سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان، پاکستان انسی ٹیوٹ فار کنفلکٹ اسٹیڈیز کے ڈائریکٹر جنرل میجرجنرل (ر) سعد خٹک اور دیگر اہم شخصیات کے علاوہ پاکستان بھر سے یوتھ لیڈرز اور طلباءاور طالبات کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صدر مملکت نے نوجوانوں پرزور دیا کہ وہ کردار سازی اور تعلیم پراپنی توجہ مرکوز کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے اندر اعتماد پیدا کریں، سچ کی عادت ڈالیں اور بے ایمانی کے خلاف کھڑے رہیں۔

صدر نے کہاکہ پاکستان کی جوہری طاقت پر مسلم دنیا کو فخر ہے، 1974 میں بھارت کے جوہری تجربے کے بعد پاکستان نے اپنی محنت اور کوششوں سے صرف 7 سال کے کم عرصہ میں جوہری صلاحیت حاصل کرلی جس کے ذریعے پاکستان نے دشمن کو فاصلے پر رکھا ہوا ہے جو کوئی چھوٹی کامیابی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان قائد اعظمؒ اور علامہ اقبالؒ کے خوابوں کی تعبیر ہے جسے ترقی کی منازل سے ہمکنار کرانے کے لئے نوجوانوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے دنیا کے دہرے معیار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ 40 سال کے دوران 40 لاکھ افغان مہاجرین کو پناہ دی، مسلمانوں کی اقدار میں انسانوں سے ہمدردی کا جذبہ کارفرما ہے جبکہ مغربی ممالک مہاجرین کو اپنے علاقے میں داخل ہونے سے روکنے کے لئے بحیرہ روم میں ڈوبنے دیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو جب بھی کبھی قدرتی آفت یا آزمائش کا سامنا کرنا پڑا، پوری قوم نے حکومت کا انتظار کئے بغیر اس کا از خود مقابلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ 2005 کے زلزلہ کے دوران قوم نے بے مثال کردار ادا کیا، پاکستان کی قوم اپنی تقدیر بدلنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہے، قوم نے دہشت گردی کا سخت مقابلہ کیا، مادر وطن کے لئے پاک فوج کی قربانیوں پر فوج کو خراج تحسین کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ملک کی بقا اور دہشت گردی کو روکنے کے لئے فوج کا اہم کردار ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو مطالبہ حق خود ارادیت اور بھارت میں مسلمانوں سمیت اقلیتوں کو مظالم کا سامنا ہے لیکن دنیا نے اس سے چشم پوشی اختیار کررکھی ہے۔ صدر مملکت نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ شاعر مشرق علامہ اقبالؒ اور قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے جوریاست بنا کردی وہ آپ کے پاس امانت ہے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اپنے اندر یکجہتی پیدا کریں، قوم کو ان سے امیدیں وابستہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئی ٹی، سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں تیز رفتار ترقی ناگزیر ہے، انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ پاکستان ایک ترقی یافتہ ملک بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ اذہان کی ترقی کے نتیجے میں پاکستان دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہوجائے گا، اخلاقیات کی بنیاد پر ورلڈ آرڈر صرف پاکستان لائے گا، پاکستان کا یہ اعزاز ہے کہ اس نے ایک مختصر مدت میں جوہری صلاحیت حاصل کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ انسان اچھے گفتار کو پہچانتا ہے، نوجوانوں کو بات چیت کرنے کے قابل ہونا چاہئے، آپ ایک پراعتماد قوم ہے، نوجوان ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں، قوم کو نوجوانوں سے امیدیں وابستہ ہیں۔ صدر مملکت نے پاکستان کی یکجہتی کیلئے انسٹی ٹیوٹ کی خدمات کو سراہتے ہوئے اس کے عہدیداران کو مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں میں اعتماد بے انتہا ضروری ہے، قوم کے اندر بھی اعتماد ہونا چاہئے۔کنونشن سے پاک فضائیہ کے سابق سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان، پاکستان انسی ٹیوٹ فار کنفلکٹ اسٹیڈیز کے ڈائریکٹر جنرل میجرجنرل (ر) سعد خٹک اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سابق سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ نوجوانوں میں ملک و قوم کے لئے کام کرنے کا جذبہ ہونا چاہئے، انہوں نے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان ہے، محنت کے بغیر کچھ حاصل نہیں ہوسکتا، علم اور ہنر کامیابی کی کنجی ہے، نوجوان ملک اور دین کو آگے لے جانے کا عزم رکھیں، چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت ہی ہماری قیادت کی اساس ہے۔

پاک فضائیہ کے سابق سربراہ نے کنونشن کے اہتمام پر منتظمین کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ قبل ازیں پاکستان انسی ٹیوٹ فار کنفلکٹ اسٹیڈیز کے ڈائریکٹر جنرل میجرجنرل (ر) سعد خٹک نے اپنے خطاب میں کہا کہ انسی ٹیوٹ نے 2018 میں اپنے کام کا آغاز کیا، پاکستان کے تمام شہروں کی یونیوسٹیوں میں تقریبات کا انعقاد کیا، ان کاوشوں کا بنیادی مقصد نوجوانوں کوعلامہ اقبالؒ اور قائداعظم ؒ کے افکار سے آگاہ کرنا اور انہیں ملک کا کار آمد شہری بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانیت کے پیغام کو ملک کے کونے کونے تک پہنچانا ہے، انہوں نے شہریوں خاص طور پر نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ انفرادی سوچ سے نکل کر عظیم اجتماعی سوچ اپنائیں تاکہ وہ حب الوطنی اور ملک کے لئے کام کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کے نقشہ پر عظیم ملک کے طور پر ابھرے گا۔ نیشنل یوتھ کنونشن سے پاکستان انسی ٹیوٹ فار کنفلکٹ اسٹیڈیز کے منیجنگ ڈائریکٹر عبداللہ خان اور فریڈرک ایبرٹ فاو¿نڈیشن کے کنٹری ڈائریکٹر پاکستان نیلز ہیگیوِش نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔