کورونا وائرس کی وبا کے باعث ملک میں اگلے چند ہفتے خطرناک ہیں اس لیے ایس او پیز پر عمل کیا جائے،اسد عمر

115

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیربرائے منصوبہ بندی ترقی واصلاحات وخصوصی اقدامات ونیشنل کمانڈ اینڈ آ پریشن سنٹر کے سربراہ اسد عمر نے کہاہے کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث ملک میں اگلے چند ہفتے خطرناک ہیں اس لیے ایس او پیز پر عمل کیا جائے۔

ٹوئٹرپروفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کے 5 ہزار360 مریضوں کی حالت نازک ہے جوآکسیجن پرہیں۔ آکسیجن پرجانے والے مریضوں کی تعداد پچھلے سال جون کی نسبت 57 فیصد زیادہ ہے۔انہوں نے کہا کہ الحمدللہ کورونا وائرس کے متاثرہ مریضوں کی بڑھتی تعداد کی فی الحال بہترحکمت عملی سے سنبھال رکھا ہے،

اگلے چند ہفتے خطرناک ہیں، ایس اوپیزپرعمل کیا جائے، اللہ ہمیں بچائے رکھے۔اسد عمر نے کہا کہ پاکستان میں گزشتہ سال آکسیجن کی پیداواری صلاحیت 487 ٹن یومیہ تھی۔ اسے بڑھا کر 798 ٹن کردیا گیا ہے۔ گزشتہ جون میں آکسیجن کی پیداوار 465 ٹن ، یومیہ سے 725 ٹن ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تقسیم کو یقینی بنانے کے لئے گزشتہ سال 19 ہزار200 آکسیجن سلنڈر بھی درآمد کیے تھے۔