اسلام آباد میں سی پیک سے متعلق قومی سطح کی کانفرنس منعقد کریں گے، چیئر مین پارلیمیانی کمیٹی برائے سی پیک

58
سی پیک کے ساتھ ہزاروں میل کا سفر، پاک چین مضبوط تعلقات کا استعارہ کے عنوان سے رپورٹ کی تقریب

کراچی۔18مارچ (اے پی پی):پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک کے چیئرمین شیر علی ارباب نے کہا کہ سی پیک سے متعلق ملک کے تمام صوبوں بشمول آزاد کشمیراور گلگت بلتستان میں کانفرنسز منعقد کررہے ہیں جن میں مقامی اسٹیک ہولڈرز کو بھی مدعو کرتے ہیں یہاں سے فیڈبیک آنے کے بعد اسلام آباد میں قومی سطح کی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو سی پیک کے تحت ایکسپورٹس اور تجارت کے فروغ کے لئے پارلیمنٹ کے کردار کے حوالے سے منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

افتتاحی سیشن کے بعد پینل ڈسکشن کا سیشن منعقد ہوا جس میں تعلیمی اداروں کے نمائندوں سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور سی پیک کے حوالے سے بحث و مباحثہ میں حصہ لیا ۔ پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک کے چیئرمین شیر علی ارباب نے کہا کہ سی پیک کی پارلیمانی کمیٹی کے تمام ممبران کا شکریہ اداکرتا ہوں، اس کمیٹی میں مختلف جماعتوں کی نمائندگی موجود ہے لیکن سب سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوکر سی پیک کے لئے کام کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے فوائد حاصل کرنے کے لئے تمام صوبوں اور اسٹیک ہولڈرز کا تعاون ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی کے لئے ہم سب کو ملکر کام کرنا ہوگا ۔

سی پیک پر کام کی رفتار سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ سی پیک بہت بڑا پراجیکٹ ہے اس میں کئی منصوبے شامل ہیں جن میں بہت سارے منصوبے وقت سے پہلے بھی مکمل ہوئے ہیں جیسا کہ سکھر ملتا ن موٹروے ، ساہیوال کول پراجیکٹ مدت سے 6 ماہ قبل مکمل ہوئے ۔ انہوںنے کہا کہ سی پیک نے مکمل ہونا ہے اور یہ پاکستان کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دھابیجی اسپیشل اکنامک زون سے اربوں ڈالر کی سرمایہ کار ی آسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پہلے بھی ملک میںمختلف اسپیشل اکنامک زونز بنے تھے لیکن وہ اس طرح کامیا ب نہ ہوسکے جس طرح ہونے چاہئے تھے کیونکہ اس کے لئے وہ درکار اقدامات نہیں اٹھائے گئے تھے ۔

وزیراعلی سندھ کے مشیر برائے ورکس اینڈسروسز نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ سی پیک سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا کردار قابل تحسین ہے ، سی پیک پاکستان کے لئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ہمار ا قابل اعتماد دوست ہے جس پر ہمیں فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں زراعت اور صنعت پر توجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تھرکو ل اثاثہ ہے اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے ۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ سندھ میں ونڈ انرجی کے بھی بے پنا ہ مواقع موجود ہیں اور اس سے ہزاروں میگاواٹ بجلی بنائی جاسکتی ہے ۔

فریڈرک ایبرٹ اسٹیفنگ کے کنٹر ی ہیڈ جو چن ہپلر نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے لئے بہت اہم ہے اور پاکستان کو اس سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہئے ۔ انہوںنے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان کو مزید ایسے اقدامات کرنے چاہئے کہ اس پراجیکٹ کو اپنے لئے اور زیادہ سود مند بنائیں ۔ چیئر مین پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ حکومت سندھ محمد وسیم نے صوبہ میں جاری مختلف منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔