
لاہور۔20اگست (اے پی پی):چیئر مین مرکزی رویت ہلال کمیٹی /چیئرمین انٹرفیتھ کونسل فار پیس اینڈ ہارمنی پاکستان مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا ہے کہ اسلام اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کی بات کرتاہے اور احترام انسانیت کا حکم دیتاہے، آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کا ضامن ہے،اگر کوئی بھی شخص توہین کا مرتکب پایا جاتاہے تو ریاست کی ذمہ داری ہے کہ اس شخص کو پکڑ کر قرار واقعہ سزا دے تاکہ ایسے واقعات کا سد باب ہوسکے،کرسچن کالونی جڑانوالہ میں مسیحی برداری کی عبادت گاہوں اور ان کے مکانوں کو جلانا غیرشرعی عمل ہے،اسلام قطعا ہمیں اس چیز کی اجازت نہیں دیتا۔
سانحہ جڑانوالہ واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔اس امر کا اظہار انہوں نے اتوار کومسیحی برادری کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے تمام مذاہب کی جید شخصیات پر مشتمل وفد کے ہمراہ کرسچن کالونی عیسی نگرو دیگر مقامات کے دورہ کے موقع پر میڈیا اور متاثرین سے گفتگو میں کیا ۔
وفد میں آرچ بشپ سبسٹین شا،علامہ زبیر احمد ظہیر،بشپ اندریاس رحمت،فادر عابد،فادر خالد،فادر نقاش،سردار رنجیت سنگھ گیانی،مولاناقاضی عبدالغفار قادری،ڈاکٹر مرقس فدا،پنڈت بھگت لعل،پنڈت کاشی رام،مولانا اسلم ساقی،مفتی مبشر احمد،علامہ حافظ کاظم رضا نقوی،مولانا فتح محمدراشدی،علامہ حیدر علی نجفی،پیر ولی اللہ شاہ،مفتی عاشق حسین،مولانا احسان اللہ تبسم،صاحبزادہ سید عبدالبصیر آزاد،مولانا عبید اللہ نقشبندی،علامہ رشید ترابی،پاسٹر عاشر نذیر،فادر اشفاق انتھنی،حاجی غلام رسول شاہ ودیگر علماکرام شامل تھے ۔
مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ جڑانوالہ کرسچن کالونی عیسی نگری میں آکر مکانات اور عبادت گاہوں کو جلا ہوا دیکھ کر میرا دل رنجیدہ ہو گیا ہے،ریاست اور ریاستی اداروں کے ہوتے ہوئے قانون ہاتھ میں لے کر سڑکوں پر عدالتیں لگانا اور فیصلے کرنا اسلام اور آئین پاکستان اس کی اجازت نہیں دیتا،قرآن کریم اور تمام الہامی کتب کی عزت و تکریم اور انبیا کرام کے ناموں کا تحفظ ہم سب کے ایمان کا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر چاہتے ہیں کہ ملک کے اندر بدامنی پیدا کی جائے اور مسلم مسیحی فسادات کروا کر پاکستان کی قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا جائے،ہم ملک دشمن شرپسند عناصر کو بتا دینا چاہتے ہیں کہ ہم تمہاری ناپاک سازشوں کو نہیں چلنے دیں گے،ملک پاکستان ہم سب کا ملک ہے،ہم نے پاکستان کو انتشار اور تشدد سے پاک پرامن پاکستان بنانا ہے،آج پوری قوم افواج پاکستان اور سیکورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔
اس موقع پر معروف مسیحی راہنماآرچ بشپ سبسٹین شا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم سانحہ جڑانوالہ کرسچن کالونی عیسی نگری ودیگر مقامات پر مسیحی عبادت گاہوں اور مسیحی برادری کے گھروں کو آگ لگانے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
پاکستان کی سلامتی و تحفظ کیلئے ہم سب ایک ہیں،سانحہ جڑانوالہ پر پوری قوم دکھی ہے اور حکومت سے مطالبہ ہے کہ ملوث افراد کو سخت سزا دی جائے،اور کسی ایسے بے گناہ شخص کو نہ پکڑا جائے جس کا اس سانحہ سے کوئی تعلق نہ ہو،حکومت پاکستان اور ریاستی ادارے تمام مذاہب کی عبادت گاہوں کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔آخر میں پاکستان کی سلامتی،استحکام،ترقی و خوشحالی،قومی یکجہتی کیلئے اجتماعی دعابھی کی گئی۔