اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی ۔ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ سپیکر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی رابطوں اور اقتصادی تعاون میں مزید اضافہ ضروری ہے۔
پاک آسٹریلیا پارلیمانی دوستی گروپ پارلیمانی سفارت کاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان رابطوں کا فروغ ضروری ہے،پاکستان کو حالیہ تباہ کن سیلاب سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔11 سے15 اکتوبر تک روانڈا میں 145ویں بین الپارلیمانی یونین (آئی پی یو) کی جنرل اسمبلی اجلاس منعقد ہونے جا رہا ہے۔اس اجلاس میں پاکستان کی قومی اسمبلی نے موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے ہنگامی قرارداد پیش کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ قرارداد کا مقصد پاکستان جیسے ترقی پذیر ممالک میں موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والے ناقابل تلافی نقصانات کے ازالے کے لیے عالمی فنڈ کرنا ہے۔
سپیکر نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے مدد اور بحالی کے لیے آسٹریلوی حکومت کے تعاون کو سراہا۔ آسٹریلوی ہائی کمشنر نے کہا کہ آسٹریلیا پاکستان کو اپنا بااعتماد دوست اور اہم اقتصادی شراکت دار سمجھتا ہے،ہمارے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔ آسٹریلیا موسمیاتی بحران سے نمٹنے کے لیے آئی پی یو کے ذریعے عالمی فنڈ کے قیام کے لیے قومی اسمبلی آف پاکستان کے مطالبے کی حمایت کا یقین دلاتا ہے۔