افغانستان کا پاکستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں فتح کیلئے301 رنز کا ہدف، رحمان اللہ گرباز کی شاندار سنچری

165

ہمبنٹوٹا۔24اگست (اے پی پی):افغانستان کرکٹ ٹیم نے پاکستان کو دوسرے ون ڈے میچ میں فتح کے لئے 301 رنز کا ہدف دے دیا، رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے پہلی وکٹ پر 227 رنز کی تاریخ ساز شراکت قائم کی۔ جمعرات کو مہندا راجا پاکسے سٹیڈیم ہمبنٹوٹا میں کھیلے جارہے دوسرے ون ڈے میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنائے۔

اوپننگ جوڑی رحمان اللہ گرباز اور ابراہیم زادران نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پہلی وکٹ کی شراکت میں 227 رنز بنائے، گرباز نے اپنے ون ڈے کیریئر کی پانچویں سنچری سکور کی، وہ 151 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر آئوٹ ہوئے، ان کی اننگز میں 14 چوکے اور 3 چھکے شامل ہیں، ابراہیم زادران نے بھی 80 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جس میں 6 چوکے اور 2 چھکے شامل ہیں۔ محمد نبی 29 ، راشد خان 2، شاہد اللہ ایک رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔

کپتان حشمت اللہ شاہدی 15 اور عبدالرحمان 4 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ پاکستان کی طرف سے فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی نے دو جبکہ نسیم شاہ اور اسامہ میر نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس طرح افغانستان نے پاکستان کو میچ میں فتح کے لئے 301 رنز کا ہدف دیا ہے۔ واضح رہے کہ افغانستان کا پاکستان کے خلاف یہ ون ڈے میں سب سے بڑا سکور ہے۔