اقوام متحدہ نے بنگلہ دیش کے سیلاب متاثرین کے لیے 50 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد کی منظوری دے دی

63
United Nations

اقوام متحدہ ۔13جولائی (اے پی پی):اقوام متحدہ نے بنگلہ دیش میں سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے50 لاکھ ڈالر کی ہنگامی امداد کی منظوری دے دی۔ چینی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (اوسی ایچ اے )نے کہا کہ ایمرجنسی ریلیف کوآرڈینیٹر مارٹن گریفتھس نے اقوام متحدہ کے سینٹرل ایمرجنسی رسپانس فنڈ کی تقسیم کی منظوری دے دی ہے۔

دفتر نے بتایا کہ بنگلہ دیش کے شمال مشرقی علاقوں میں 15 جون کو آنے والے سیلاب سے 70 لاکھ سے زیادہ افراد کے گھروں اور کھیتوں کو نقصان پہنچا ، جس سے تقریباً 5لاکھ خاندان بے گھر ہو گئے۔ سیلاب کے باعث پینے کے پانی اور صفائی کی سہولیات تک رسائی اور صحت کی 90 فیصدسہولیات متاثر ہوئیں ۔

ادارے نے کہا کہ اقوام متحدہ متاثرہ خاندانوں کو کھانے کی اشیا، پینے کا پانی، نقد رقم، ہنگامی ادویات، پانی صاف کرنے والی گولیاں، حفظان صحت کی کٹس اور تعلیمی مدد فراہم کر کے مقامی حکومت کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔دفتر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال یونیسیف نے تقریباً 10 لاکھ افراد کو امداد سمیت پانی، غذائی اششیا اور تحفظ کی سہولیات فراہم کی ہیں،ورلڈ فوڈ پروگرام نے 34 ہزار گھرانوں میں 85 ٹن فورٹیفائیڈ بسکٹ تقسیم کیے اور عالمی ادارہ صحت نے پانی صاف کرکے پینے کے قابل بنانے والی 2لاکھ50ہزار گولیاں فراہم کیں۔