اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون کا پاکستان کے امن فوجیوں کے دن کے موقع پر پیغام

اسلام آباد ۔ 2 جون(اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے دنیا بھر میں شورش زدہ علاقوں میں اقوام متحدہ کی زیر نگرانی امن مشنوں کے لئے پاکستانی فوجیوں کی خدمات کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے امن قائم کرنے اور جنگ سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لئے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق بان کی مون نے پاکستان کے امن فوجیوں کے دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا ہے کہ 1960میں پہلی بارکانگو میں تعیناتی سے لیکر اب تک پاکستان کا یو این امن فورس میں تسلسل کیساتھ نمایا ں حصہ رہا ہے۔پاکستان نےگزشتہ کئی دہائیوںمیں اب تک 23ملکوں میں 41امن مشنز میں ایک لاکھ پچاس ہزار فوجی تعینات کئے ہیں جبکہ آج سات ہزار سے زائد پاکستانی فوجی سات امن مشنز میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ہم تہہ دل سے پاکستان کے شکرگزار ہیں۔