الیکشن کمیشن نےریٹرننگ افسران کوکاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کی آسانی کے لئے آن لائن سہولت مرکز قائم کردیا

128
الیکشن کمیشن کسی قسم کے ہتھکنڈوں سے دبائو میں نہیں آئے گا اور آئین و قانون کے مطابق اپنے فرائض سرانجام دیتا رہے گا، ترجمان الیکشن کمیشن

اسلام آباد۔25دسمبر (اے پی پی):الیکشن کمیشن نےریٹرننگ افسران کوکاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال کی آسانی کے لئے آن لائن سہولت مرکز قائم کردیا ہے۔پیر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا کہ اِس سہولت مرکز کی معاونت نادرا،قومی احتساب بیورو، ایف آئی اے، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک کر رہے ہیں۔ یہ مرکز 24گھنٹے کام کر رہا ہے۔ ریٹرننگ افسران کی جانب سے موصول شدہ امیدواران کے کوائف ضروری کارروائی کے لیے ان اداروں کو بھجوائے جا رہے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سیکریٹری پاور ڈویژن ، سیکریٹری پٹرولیم ڈویژن، سیکریٹری نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن ڈویژن، سیکریٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈویژن ، چاروں چیف سیکریٹریز اور چیئرمین سی ڈی اے کو بھی تحریری طور پر مطلع کیا ہےکہ وہ ریٹرننگ افسران سے امیدواران کی فہرستیں حاصل کریں۔امیدواروں کی فہرست کا اجراء 24 دسمبر 2023 کو کیا جا چکا ہے ۔

ترجمان نے کہا کہ نادہندہ امیدواران کاغذاتِ نامزدگی کی چانچ پڑتال کے دوران 25 تا 30 دسمبر 2023 تک متعلقہ ریٹرننگ آفیسر سے رجوع کریں ۔ترجمان نے کہا کہ نادہندگان سے واجبات کی وصولی یقینی بنائی جائے۔حکومت کے تمام وفاقی ، صوبائی ادارے فوری ریٹرننگ افسران سے رابطہ کریں۔