انجری کے باوجود پاکستان کے لئے میڈل جیتنے کی پوری کوشش کروں گا،ارشد ندیم

69
ارشد ندیم
ارشد ندیم آج ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں شریک ہوں گے، قوم سے دعاوں کی اپیل

برمنگھم۔4اگست (اے پی پی):پاکستان کے اولمپیئن ارشد ندیم نے کہا ہے کہ فٹنس مسائل کے باوجود کامن ویلتھ گیمز میں میڈل حاصل کرنے کے لئے پرامید ہوں، ملکی وقار کے سامنے انجری بہت چھوٹی چیز ہے۔

ارشد ندیم 7 اگست کو کامن ویلتھ گیمز کے جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل میں براہ راست شرکت کریں گے۔ میگا ایونٹ میں میڈل حاصل کرنے کے لئے پرامید اولمپیئن نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ ایونٹ کے لئے بھرپور تیاری کی ہے ، اپنے ملک کیلئے میڈل حاصل کرنے کے لئے پوری کوشش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں میڈل تو نہ جیت سکا تاہم اپنی پرفارمنس سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا، اس ایونٹ میں شرکت سے میرے اعتماد میں اضافہ ہوا۔ ارشد ندیم نے گزشتہ ماہ امریکہ میں منعقدہ ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں 86.16 میٹر لمبی تھرو کرکے پانچویں پوزیشن حاصل کی تھی۔

اپنی کہنی میں تکلیف کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ارشد ندیم نے کہا کہ ملکی وقار کے سامنے انجری کوئی معنی نہیں رکھتی، ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے بعد میری کہنی میں تکلیف بڑھ گئی تاہم ڈاکٹرز نے میری اچھی دیکھ بھال کی اب میں بہتر محسوس کر رہا ہوں اور میری تمام تر توجہ اپنی تیاریوں پر ہے، میری انجری پیچیدہ نوعیت کی ہے تاہم اپنے ملک کے لئے میڈل حاصل کرنے کے لئے سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کروں گا۔

ارشد ندیم کی ترکی میں 9 سے 18 اگست تک شیڈول اسلامک گیمز کے بعد برطانیہ میں سرجری ہو گی۔ ارشد ندیم کامن ویلتھ گیمز کے بعد براہ راست ترکی جائیں گے۔