وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر ویتنام کے وزیر خارجہ سے ملاقات

بلاول بھٹو زرداری کی باجوڑ میں جے یو آئی ف کے کنونشن میں بم دھماکے کی مذمت

اسلام آباد۔4اگست (اے پی پی):وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے آسیان ریجنل فورم کے وزارتی اجلاس کے موقع پر ویتنام کے اپنے ہم منصب بوئیتھان سون سے جمعرات کو ملاقات کی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزراء خارجہ نے پاکستان اور ویتنام کے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا۔

انہوں نے دوطرفہ تعلقات کی 50 سالہ تقریبات کے پس منظر میں مختلف شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کی مسلسل نمو پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزراءخارجہ نے تجارت اور سرمایہ کاری، سیاحت، تعلیم، پبلک ایڈمنسٹریشن اور عوام سے عوام کے رابطوں کو فروغ دینے سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان ویتنام کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے جو آسیان ریجنل فورم کا ایک اہم پارٹنر ہے۔

انہوں نے ویتنام کے وزیر خارجہ کو آسیان ریجنل فورم کے ساتھ پاکستان کی مسلسل وابستگی اور آسیان کے ساتھ تعلقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔ دونوں وزراء خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور بات چیت کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔