نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدار ت فیول سبسڈی اسکیم کا جائزہ اجلاس

نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فیول سبسڈی اسکیم کا جائزہ لینے کے لیے جمعرات کو ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں عوامی ٹرانسپورٹ آپریٹرز، موٹر سائیکل مالکان اور کسانوں کو فراہم کی جانے والی امداد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس کا مقصد علاقائی کشیدگی اور جنگ سے متعلق رکاوٹوں کے باعث ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کو کم کرنا ہے۔

اسلام آباد۔4جون (اے پی پی):نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے فیول سبسڈی اسکیم کا جائزہ لینے کے لیے جمعرات کو ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں عوامی ٹرانسپورٹ آپریٹرز، موٹر سائیکل مالکان اور کسانوں کو فراہم کی جانے والی امداد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جس کا مقصد علاقائی کشیدگی اور جنگ سے متعلق رکاوٹوں کے باعث ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے اثرات کو کم کرنا ہے۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں اسکیم پر عملدرآمد کی پیش رفت، شفافیت، جوابدہی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ رابطہ کاری کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران ہر دو ہفتے بعد اسکیم کی چار اقساط مستحقین کو فراہم کی جا چکی ہیں۔نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ نے مجموعی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور جوابدہی کے نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ فائدہ حقیقی مستحقین تک پہنچ سکے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ اسکیم کی پانچویں اور چھٹی اقساط جون 2026 کے دوران جاری کی جائیں گی جو اس امدادی پروگرام کے تسلسل کا حصہ ہوں گی۔اجلاس میں معاونِ خصوصی برائے وزیرِ اعظم طارق باجوہ ، وفاقی سیکریٹری پیٹرولیم، پنجاب سندھ اور خیبر پختونخوا کے چیف سیکرٹریز سمیت گلگت بلتستان، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

مزید خبریں