انٹرنیشنل پارلیمنٹیرینز کانگریس کے لئے پاکستان نے مثبت اور تعمیری کردار اداکیا ہے، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

113
Chairman Senate
Chairman Senate

اسلام آباد۔8فروری (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ انٹرنیشنل پارلیمنٹیرینز کانگریس کے لئے پاکستان نے مثبت اور تعمیری کردار اداکیا ہے، دنیا بھر کے اراکین پارلیمنٹ اس پلیٹ فارم کے ذریعے قیام امن میں اہم کردار اداکرسکتے ہیں، ٹرانسپورٹ، صحت ، تعلیم اور دیگر شعبو ں میں بہتری کےلئے اجتماعی کوششیں کرناہوں گی، ہر سال ٹریفک حادثات میں 1.3 ملین افراد ہلاک اور 50 ملین کے قریب زخمی ہوتے ہیں،90 فیصد سےزائد اموات کم اور اوسط آمدن والے ممالک میں ہوتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں آئی پی سی کی بین الاقوامی روڈ سیفٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وہ روڈ سیفٹی سے متعلق اہم ترین کانفرنس میں شرکت کے لیے دنیا کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے تمام معزز اراکین پارلیمنٹ اور مہمانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں، سینیٹ اور حکومت پاکستان نے اس کے سفر میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا اور ہر ممکن تعاون کیا۔ انہوں نے ترکیہ اور شام میں تباہ کن زلزلے کی وجہ سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ مشکل وقت میں ترکی اور شام کے برادر ممالک کے ساتھ کھڑے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے آئی پی سی کی سیکرٹری جنرل سینیٹر ستارہ ایاز کو اس تقریب کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد پیش کی۔صادق سنجرانی نے کہا کہ آئی پی سی اپنے مقاصد کے حصول کے لئے بہترین انداز میں کام کر رہی ہے،اس کے مشن کا ایک اہم پہلو تنازعات کا حل بھی ہے، جہاں دنیا بھر کے اراکین پارلیمنٹ اس پلیٹ فارم کو استعمال کر کے امن کے لیے ٹھوس تعاون کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی سی عالمی رہنماؤں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے تاکہ وہ اہم معاملات پر اپنی خصوصی رائے اور تفہیم کا اشتراک کریں۔

چیئرمین سینیٹ نے تمام اسٹیک ہولڈرز، خاص طور پر جی آئی زیڈ انٹرنیشنل سروسز، مستحکم پارلیمان، اور پاکستان انسٹی ٹیوٹ فار پارلیمانی سروسز اورآئی پی سی ٹیم اور اس فورم کے ارکان کا آئی پی سی کے وژن اور مشن پر اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔چیئرمین سینیٹ نے خاص طور پرآئی پی سی کے موجودہ نائب صدور، آذربائیجان کی قومی اسمبلی کی چیئر پرسن صاحبہ غفاروا اور جبوتی کی قومی اسمبلی کے صدر ایچ ای محمد علی حمید کے تعاون اور حمایت کے لیے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ آئی پی سی کے صدر کے انتخابات بھی قریب ہیں۔ اگرچہ "روڈ سیفٹی” کی اصطلاح جانی پہچانی لگتی ہے، لیکن اسے وہ توجہ اور ترجیح نہیں دی گئی جس کی یہ مستحق ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سڑک اور ٹریفک حادثات لوگوں کو زندگی بھر کے لیے معذور کر سکتے ہیں۔ تقریباً 1.3 ملین افراد ہر سال سڑک ٹریفک حادثات میں ہلاک ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اور ایک اندازے کے مطابق 50 ملین زخمی ہوتے ہیں۔

ان میں سے نصف سے زیادہ پیدل چلنے والے، سائیکل سوار اور موٹر سائیکل سوار شامل ہیں۔ 90 فیصد سے زیادہ اموات کم سے درمیانی آمدنی والے ممالک میں ہوتی ہیں۔ روڈ سیفٹی سے متعلقہ ایس ڈی جی اہداف کو حاصل کرنے کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہاکہ ٹرانسپورٹ،صحت، تعلیم اور دیگر شعبوں کو اجتماعی کوششوں کے ذریعے بہتر بنانا ہوگا۔روڈ سیفٹی کے سلسلے میں، آئی پی سی جیسے فورمز یقینی طور پر ہماری مدد کر سکتے ہیں۔