لندن۔12فروری (اے پی پی):انگلینڈ کے فاسٹ بائولر ریس ٹوپلے انجری کے باعث پی ایس ایل سے باہر ہوگئے ہیں،انہوں نے پی ایس ایل میں ملتان سلطانزکی نمائندگی کرنا تھی۔ انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ٹوپلے کو معمولی انجری کے باعث رواں ہفتے شروع ہونے والی پی ایس ایل کے لئے این او سی جاری نہیں کیا۔ ریس ٹوپلے نے حال ہی میں جنوبی افریقہ میں ہونے والی ایس اے ٹونٹی لیگ میں حصہ لیا تھا جہاں ان کی ٹیم ڈربن سپر جائنٹس نے فائنل میں رسائی حاصل کی۔
فائنل میں انگلش فاسٹ بائولر انجری کا شکار ہوگئے تھے۔ ٹوپلے کو این او سی جاری نہ ہونے پر ملتان سلطانز ان کی خدمات سے محروم ہوگئی ہے۔ ملتان سلطانز نے ان کے متبادل پلیئر کا اعلان ابھی نہیں کیا ہے۔ دریں اثنا نوجوان فاسٹ بائولر احسان اللہ بھی پورے ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کریں گے۔
ملتان سلطانز کے اونر علی ترین نے پوڈ کاسٹ کے دوران بتایا کہ پی سی بی نے ہمیں مطلع کیا ہے کہ احسان اللہ ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کریں گے ۔ واضح رہے کہ ملتان سلطانز کا پی ایس ایل میں اپنا پہلا میچ 18 فروری کو ہوم گرائونڈ ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کراچی کنگز کے خلاف ہوگا۔