او آئی سی کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے سائنس و ٹیکنالوجی کامسٹیک نے نائیجیریا کے سائنس و ٹیکنالوجی پروگرام کا باقاعدہ آغاز کردیا

146
Comstec
Comstec

اسلام آباد۔29ستمبر (اے پی پی):اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی سائنس و ٹیکنالوجی کی سٹینڈنگ کمیٹی کامسٹیک نے نائیجیریا کے سائنس و ٹیکنالوجی کے پروگرام کا باقاعدہ آغاز کردیا۔ اس سلسلہ میں جمعرات کو یہاں کامسٹیک کے ہیڈکوارٹرز میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں کامسٹیک کے کوآرڈینٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری، پاکستان میں نائیجیریا کے ہائی کمشنر محمد بیلو ابیوئے کے علاوہ ترکی، تیونس اور دیگر اسلامی ملکوں کے سفیروں اور سفارتکاروں نے شرکت کی۔

کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کامسٹیک اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان مختلف شعبوں خاص طور پر سائنس و ٹیکنالوجی میں باہمی تعاون کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوطرفہ تعاون کو بڑھانے میں آج کا دن اہمیت کا حامل ہے۔

ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے کہا کہ نائیجیریا ایک اہم ملک ہے، نائیجیریا سے افریقہ کے پورے خطے کو فائدہ ہوگا۔ اس موقع پر نائیجیریا کے ہائی کمشنر محمد بیلو ابیوئے نے (او آئی سی) کی سائنس و ٹیکنالوجی کی سٹینڈنگ کمیٹی کامسٹیک کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ادارہ اسلامی ملکوں میں سائنس و ٹیکنالوجی کی ترویج کے لئے معاونت کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سائنس و ٹیکنالوجی کے شعبہ اور ماہرین کی استعداد کار بڑھانے میں بھی کامسٹیک کا اہم کردار ہے۔ تقریب سے اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے اسسٹنٹ سیکرٹری جنرل نے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔ تقریب سے وزارت خارجہ کی سائنس ڈپلومیسی ڈویژن کے محمد عدیل نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں وزارت سائنس و ٹیکنالوجی اور دیگر اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔