سڈنی۔27اکتوبر (اے پی پی):ریلی روسو کی شاندار سنچری کی بدولت جنوبی افریقا نے بنگلہ دیش کو آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سُپر 12 مرحلے کے میچ میں بڑے مارجن 104 رنز سے ہرا دیا۔بنگال ٹائیگرز 206 رنز کے مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 16 ویں اوور کی تیسری گیند پر 101 رنز پر ڈھیر ہوگئے ۔ریلی روسو نے نہ صرف انفرادی 109 رنز کی اننگز کھیلی بلکہ آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2022 کی پہلی سنچری بنانے کا اعزاز بھی حاصل کرلیا۔
کوئنٹن ڈی کاک 63 رنز کے ساتھ پروٹیز کے دوسرے نمایاں بلے باز رہے ۔ ریلی روسو کو شاندار سنچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔پروٹیز ٹیم کے کپتان ٹیمبابایوما نے جمعرات کو سڈنی کرکٹ گرائونڈ ،سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔
جنوبی افریقا کے کپتان میچ میں کوئی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے اور پہلے اوور میں 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے ریلی روسو نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے بنگلادیشی بائولرز کی خوب دھلائی کی اور ورلڈ کپ 2022 کی پہلی سنچری بنا ڈالی۔انہوں نے 56 گیندوں پر 109 رنز کی تیز اننگز کھیلی جبکہ اوپنر کوئنٹن ڈی کاک 63 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
میچ کے دوران کوئنٹن ڈی کاک اور ریلی روسو نے ملکر 163 رنز کی پارٹنر شپ قائم کرتے ہوئے پروٹیز ٹیم کی میچ میں پوزیشن مضبوط بنادی۔یہ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان رواں ٹی 20ورلڈ کپ کی دوسری بڑی شراکت داری ہے۔جنوبی افریقا نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 205 رنز بنائے۔ بنگلادیشی ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز آل رائونڈر شکیب الحسن نے عمدہ بائولنگ کرتے ہوئے 2 جبکہ عفیف حسین، حسن محمود اور تسکین احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
جنوبی افریقا کی ٹیم نے میچ میں مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹ پر 205 رنز بناکر بنگال ٹائیگرز کو کامیابی کے لئے 206 رنز کا ہدف دیا۔جواب میں پروٹیز بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث بنگلہ دیشی کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور پوری ٹیم مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں 16 ویں اوور کی تیسری گیند پر101 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔
بنگلادیش کی جانب سے لٹن داس نے سب سے زیادہ 34 رنز بنائے، اس کے علاوہ اوپنرز نجم الحسن شنتو نے 9، سومیا سرکار نے 15 رنز بنائے۔کپتان شکیب الحسن 1، عفیف حسین 1، مہدی حسن 11، مصدق حسین صفر، نور الحسن 2، تسکین احمد 10، حسن محمود صفر رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ مستفیظ الرحمٰن 9 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔جنوبی افریقا کی طرف سے اینریچ نورٹجے نے 4 اور تبریز شمسی نے جبکہ کیشو مہاراج اور رابادا نے ایک،ایک وکٹ حاصل کی۔ ریلی روسو کو شاندار سنچری سکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔