غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے زرعی شعبے میں پاک امریکاتعاون اہمیت کا حامل ہے، سفیر مسعود خان

Pakistani Ambassador to America
Pakistani Ambassador to America

واشنگٹن ۔27اکتوبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے کہا ہے کہ غذائی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے زرعی شعبے میں پاک۔ امریکاتعاون اہمیت کا حامل ہے ۔پاکستانی سفارتخانےکی جانب سے جاری بیان کے مطابق انہوں نےامریکا کے دورے پر آئے پاکستانی وفد سے ملاقات کے دوران کہاکہ خطے میں غذائی تحفظ کے حوالے سے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سےنمٹنے کے لیے ہمارے تعاون کو مضبوط کرنے کی ضرورت جتنی آج ہے اتنی کبھی نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ یوکرینی بحران اور پاکستان میں تباہ کن سیلاب نے فوڈ سکیورٹی کے مسئلے کو کئی گنا پیچیدہ کر دیا ہے اور اس طرح اس پر فوری توجہ کی ضرورت ہے۔وفد میں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہریار علی خان سمیت ایس اے پی ایم شیخ فیاض الدین، ایم این اے اور قائمہ کمیٹی نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ کے چیئرمین راؤ محمد اجمل خان اور پنجاب کے وزیر برائے پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ (پی اینڈ ایس ایچ ڈی)ڈاکٹر محمد اختر ملک شامل تھے۔ مسعود خان نے سیلاب سے تباہی خاص طور سے کسانوں کے اس سے بری طرح متاثر ہونے کے بعد امریکی حکومت اور عوام کے مشکل کی اس گھڑی میں پاکستانی ساتھ کھڑے ہونے کو سراہا ۔

امریکا نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کی امدادد کے لیے 66 ملیں ڈالر اور فوڈ سکیورٹی کے لیے 10 ملین ڈالر فراہم کیے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا زرعی شعبہ نہ صرف پاکستان بلکہ افغانستان کی ضروریات کو بھی پورا کر رہا ہے۔

انہوں نے وفد کو دوطرفہ تعاون کے فروغ اور ادارہ جاتی بنانے اور ملک کے زرعی شعبے کو امریکی مہارت کی مدد سے جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوششوں بارے بتایا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد اور یو سی ڈیوس کیلیفورنیا پہلے ہی موسم کے خلاف مزاحمت کرنے والےاور جینیاتی طور پر تبدیل شدہ حیاتیات (جی ایم او) بیج تیار کر رہے ہیں۔ انہوں نے وفد کو سفارت خانے کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔