تھانہ ساہیانوالہ کے علاقہ میں پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا کر سسر کے اغوا اور قتل کی واردات پر داماد سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان پولیس طارق جٹ کے مطابق پولیس نے 60 سالہ شہری کے اغوا اور قتل کے اندھے کیس کا معمہ حل کرتے ہوئے داماد سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا
فیصل آباد، اندھے قتل کے4 ملزمان گرفتار
فیصل آباد۔ 06 جون (اے پی پی):تھانہ ساہیانوالہ کے علاقہ میں پولیس نے اندھے قتل کا سراغ لگا کر سسر کے اغوا اور قتل کی واردات پر داماد سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ترجمان پولیس طارق جٹ کے مطابق پولیس نے 60 سالہ شہری کے اغوا اور قتل کے اندھے کیس کا معمہ حل کرتے ہوئے داماد سمیت چار ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ انہوں نے بتایا کہ تین سال قبل پسند کی شادی سے جنم لینے والا تنازع ایک لرزہ خیز قتل کی واردات میں تبدیل ہوگیا۔ مقتول رشید کی بیٹی ملائکہ نے رضوان نامی نوجوان سے پسند کی شادی کی تھی۔ بعد ازاں مقتول نے رضوان کو اپنے گھر آنے سے منع کر دیا جس پر ملزم دل میں رنجش رکھتا تھا۔ پولیس تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ رضوان نے اپنے ساتھیوں وقاص، عمر حیات اور حمزہ کے ساتھ مل کر مقتول کو اغواکیا اور تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔ملزمان نے قتل کے بعد شواہد مٹانے کی غرض سے مقتول کی نعش گھر کے صحن میں دفن کر دی اور اغوا کا ڈرامہ رچا یا۔ تاہم ایس ایچ او ساہیانوالہ آفتاب وسیم نےبلائنڈ مرڈر کیس کو ٹریس کر لیا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گھر کے صحن سے مقتول کی نعش کی باقیات برآمد کر لیں جبکہ داماد رضوان سمیت چاروں ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سی پی او فیصل آباد تنویر حسین نے کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ قاتل کتنی ہی چالاکی سے جرم کریں، قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوائی جائے گی۔








