سپیکر پنجاب اسمبلی سے چین کے قونصل جنرل سن یان کی ملاقات،اقتصادی تعاون، سی پیک منصوبوں پر تبادلہ خیال

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے لاہور میں تعینات چین کے قونصل جنرل سن یان نے پنجاب اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی،جس میں پاک۔ چین تعلقات، اقتصادی تعاون، سی پیک منصوبوں اور پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا

لاہور۔6جون (اے پی پی):سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں سے لاہور میں تعینات چین کے قونصل جنرل سن یان نے پنجاب اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی،جس میں پاک۔ چین تعلقات، اقتصادی تعاون، سی پیک منصوبوں اور پارلیمانی سفارت کاری کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا حالیہ دورہ چین پاک۔ چین تعلقات میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ چینی قیادت کے ساتھ ہونے والی ملاقاتیں انتہائی مفید،بامقصد اور نتیجہ خیز رہیں جبکہ دورے کے دوران طے پانے والے فیصلوں پر بروقت عملدرآمد ناگزیر ہے۔سپیکر نے کہا کہ پاک چین سٹریٹجک شراکت داری دونوں ممالک کے مشترکہ مستقبل کی ضمانت ہے اور چین پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا قابلِ اعتماد شراکت دار ہے۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) پاکستان کی اقتصادی ترقی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہوگی جبکہ خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری سے روزگار اور صنعتی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی تعاون کے ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں۔ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پارلیمانی سفارت کاری پاکستان اور چین کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد اور تعاون کے فروغ میں موثر کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں پاک۔ چین معاشی تعاون نئی بلندیوں کی جانب گامزن ہے ،اور پاک ۔چین دوستی آزمودہ،لازوال اور فولادی رشتہ ہے۔اس موقع پر چینی قونصل جنرل سن یان نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اور ثقافتی روابط کے فروغ سے دونوں ممالک کے عوام مزید قریب آئیں گے جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دی جائے گی۔ملاقات میں سیکرٹری جنرل پنجاب اسمبلی چوہدری عامر حبیب، ایڈوائزر ٹو سپیکر اسامہ خاور،پرنسپل سیکرٹری عماد حسین بھلی،ملک تیمور احمد خاں اور ڈائریکٹر میڈیا رائو ماجد علی بھی موجود تھے۔