متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے ٹیلی فونک رابطہ کیا
متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم کا کینیڈین وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ ، سیپا معاہدے اور دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا

مزید خبریں
ابوظہبی ۔26جولائی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے کینیڈا کی وزیر خارجہ انیتا آنند سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ، اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ اماراتی نیوز ایجنسی وام کے مطابق شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے متحدہ عرب امارات اور کینیڈا کے درمیان جامع اقتصادی شراکت داری کے معاہدے (سیپا) کے مذاکرات کی کامیاب تکمیل اور معاہدے کو حتمی شکل دینے پر کینیڈین وزیر خارجہ کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت دونوں ممالک کے مضبوط تعلقات اور بالخصوص اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتی ہے۔شیخ عبداللہ بن زاید آل نہیان نے کہا کہ سیپا دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم سٹریٹجک قدم ہے، جبکہ ریکارڈ مدت میں معاہدے کی تکمیل دونوں دوست ممالک کے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور ترقیاتی اہداف و عوام کی خوشحالی کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار ہے۔دونوں وزرائے خارجہ نے گفتگو کے دوران باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔انہوں نے مشرق وسطیٰ کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو مضبوط بنانے کے طریقوں پر بھی گفتگو کی۔








