اسلام آباد پولیس کا غیر قانونی شیشہ کیفے، سپا سینٹرزکے خلاف کریک ڈائون، 21 مشتبہ افراد گرفتار

اسلام آباد پولیس نے نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں چلنے والے غیر قانونی شیشہ کیفے اور سپا سینٹرز کے خلاف بڑے کریک ڈائون کے دوران 21 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔

اسلام آباد۔26جولائی (اے پی پی):اسلام آباد پولیس نے نجی ہائوسنگ سوسائٹی میں چلنے والے غیر قانونی شیشہ کیفے اور سپا سینٹرز کے خلاف بڑے کریک ڈائون کے دوران 21 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔اتوار کو ایک پولیس اہلکار نے اے پی پی کو بتایا ہے کہ یہ کارروائی ایس ایچ او محمد یوسف جٹ کی زیر نگرانی لوہی بھیر پولیس نے غیر قانونی کاروبار اور غیر اخلاقی سرگرمیوں کے خلاف جاری مہم کے تحت کی ۔ پولیس نے شیشہ کیفے پر چھاپے کے دوران15 افراد کو گرفتار کیا اور8شیشہ یونٹس، شیشہ پائپ اور تمباکو کے مختلف فلیورز برآمد کر لیے۔ برآمد شدہ اشیاء کو تحویل میں لے کر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس نے کریک ڈاؤن کے دوران پرائیویٹ ہائوسنگ سوسائٹی کے متعدد سپا سینٹرز پر بھی چھاپے مار کر غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث خواتین سمیت 6 افراد کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان کے خلاف متعلقہ قانونی دفعات کے تحت مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ نیٹ ورک سے منسلک دیگر افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔اہلکار نے بتایا کہ ایس ایچ او محمد یوسف جٹ نے اس بات کی تصدیق کی کہ تھانہ لوہی بھیر کی حدود میں غیر قانونی شیشہ کیفے، منشیات فروشوں اور غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رہے گی۔