دریا خان ، غیر قانونی طور پر گندم اور آٹے کی بین الصوبائی ترسیل کی کوشش ناکام

غیر قانونی طور پر گندم اور آٹے کی بین الصوبائی ترسیل کی کوشش ناکام، بھاری مقدار میں گندم، آٹا اور گاڑیاں تحویل میں لے لی

دریاخان۔ 26 جولائی (اے پی پی):غیر قانونی طور پر گندم اور آٹے کی بین الصوبائی ترسیل کی کوشش ناکام، بھاری مقدار میں گندم، آٹا اور گاڑیاں تحویل میں لے لی ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بھکر شہزاد رفیق اعوان کے احکامات پر ایس ڈی پی او دریا خان محمد اعظم خان کی سربراہی میں ایس ایچ او تھانہ سٹی دریا خان نجیب اللہ ریاض، اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد اسلم اسسٹنٹ (سب انسپکٹر شجاعت علی اور پولیس ٹیم نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر گندم اور آٹے کی بین الصوبائی ترسیل کی کوشش ناکام بنا دی۔کارروائی کے دوران گندم آٹے سے لوڈ ایک ٹریکٹر ٹرالی اور دو ڈالے پولیس تحویل میں لے لیے۔ گنتی کرنے پر مجموعی طور پر 140 گٹو گندم اور 150 گٹو آٹا برآمد ہوا، جو بغیر قانونی اجازت نامہ کے صوبہ پنجاب سے خیبر پختونخوا منتقل کیا جا رہا تھا۔جس پر تمام مال اور گاڑیوں کو قانونی تحویل میں لے کر ضابطے کی کارروائی مکمل کرنے کے بعد فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کیا جا رہا ہے۔ڈی پی او بھکر شہزاد رفیق اعوان نے کہا کہ ضلع بھکر میں غیر قانونی ذخیرہ اندوزی، اسمگلنگ اور بین الصوبائی غیر قانونی ترسیل کے خلاف کارروائیاں بلا امتیاز جاری رہیں گی، اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔