بجٹ2023-24 سے پاکستان کی معیشت کو ایک نئی زندگی ملے گی، کاروبار، روزگار ، صنعت اور تجارت میں تیزی، مہنگائی بے روزگاری میں کمی آئے گی،بلال اظہر کیانی

91

دینہ۔10جون (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے معیشت وتوانائی بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ بجٹ2023-24 ایک دستاویز نہیں بلکہ ایک بیج ہے جس سے پاکستان کی معیشت کو ایک نئی زندگی ملے گی، کاروبار، روزگار ، صنعت اور تجارت میں تیزی، مہنگائی بے روزگاری میں کمی آئے گی،مہنگائی میں بتدریج کمی ہوگی، زراعت پھلے پھولے گی جس طرح ریکارڈ2 کروڑ76 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی پیداوار ہوئی۔

یہ فصل اس لئے ریکارڈ ہوئی ہے کیونکہ تاریخی 2000 ارب روپے سے زائد کا کسان پیکج دیاگیا تھا۔ مفت بیج، بجلی کے فکسڈ13 روپے فی یونٹ کی سہولت کسان کو دی گئی تھی۔ کھاد اور یوریا سستا کیاگیا تھا۔ وہ ہفتہ کو دینہ میں نیو جھنگ پلی سے نکودر تک 2.35کلو میٹر حصہ کی سڑک کی تعمیر وبحالی کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہاکہ ہم نے الیکشن بجٹ نہیں دیا جس طرح ماضی میں غیرذمہ دار ٹولے نے آئی ایم ایف اور عوام دونوں کو دھوکہ دیا اور پاکستان کے قومی مفادات کو گہری چوٹ پہنچائی۔ انہوں نے کہا کہ الحمدللہ، آج حلقہ این اے 60 میں 10 کروڑ 89 لاکھ روپے کی لاگت یہ منصوبہ پی ایم ایل این کے دور میں شروع ہوکر اسی میں مکمل ہوا ہے۔ تحصیل دینہ، ضلع جہلم میں اس رابطہ سڑک کی مرمت اور بحالی نہ ہونے کی وجہ سے عوام شدید مشکلات اور پریشانی کا شکار تھے جبکہ حادثات بھی روزانہ کا معمول بن چکے تھے۔ بلال اظہر کیانی نے بتایا کہ یہ سڑک 10 کروڑ 89 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل ہوئی ہے۔

وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر بلال اظہر کیانی نے اہل علاقہ کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ جہلم کے عوام کا دیرینہ مطالبہ للہ جہلم روڈ کی تعمیر کے لئے بجٹ 2023-24 میں ایک ارب 80 کرورڑ روپے کی خطیر رقم مختص کردی گئی ہے۔ جلد ہی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال دورہ کرکے اس منصوبے کا خود جائزہ لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ 7جون کو سوہاوہ میں 132 کلو واٹ گرڈ سٹیشن کا افتتاح کیاجبکہ 3 جون کو شاندار چوک تا جادہ مرکزی شاہراہ اور جامع سکول تا کچہری لنک روڈ کی بحالی وتعمیر کا منصوبہ 21 کروڑ55 لاکھ94 ہزار روپے کی لاگت سے مکمل کیاگیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اہل جہلم کے بجلی، سڑکوں ، تعلیم، صحت اور دیگر مسائل کے حل کے لئے ہماری سرپرستی کی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع جہلم کے دیگر حصوں میں بھی بجلی، سڑکوں اور دیگر منصوبوں کی تکمیل سے مزید بہتری نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ہی ترقی ہوئی اور یہ روایت نہ صرف برقرار ہے بلکہ آگے بھی بڑھ رہی ہے۔