بلوچستان کے طلبہ تعلیمی و تخلیقی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جس کا اثر ملک کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی پر پڑے گا، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی

60
Chairman Senate
Chairman Senate

اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے طلبہ تعلیمی و تخلیقی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جس کا اثر ملک کی مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی پر پڑے گا، تاہم یہ انتہائی ضروری ہے کہ بلوچستان کے دور افتادہ علاقوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیکرٹری انسانی حقوق افضل لطیف سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے ان سے پیر کو ملاقات کی۔

چیئرمین سینیٹ کو سیکرٹری انسانی حقوق نے طلبہ کے مسائل کے حل کے لئے اٹھائے گئے اقدامات اور خصوصی طور پر بنائے گئے کمیشن کے کام اور اس سلسلے میں ہونے والی پیش رفت بارے آگاہ کیا۔محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ کمیشن کی رپورٹ کو حتمی شکل دینے کیلئے مشاورتی عمل تیز کیا جائے تاکہ بلوچ طلبہ کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور اْن کی شکایات کا ازالہ ہو سکے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ عید الاضحیٰ کی تعطیلا ت کے بعد اس پورے عمل پر خصوصی بریفنگ لی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ایک بنیاد ی حق ہے اور اس کے لئے طلبہ کے اْن جائز مسائل کا حل ہونا انتہائی اہم ہے جو ان کو اس بنیادی حق تک رسائی میں رکاوٹ ڈالتے ہیں۔ سیکرٹری انسانی حقوق افضل لطیف نے چیئرمین سینیٹ کو اب تک کی ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وزارت سنجیدگی کے ساتھ بلوچستان کے طلبہ کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے اور خصوصی کمیشن کی رپورٹ کو جلد حتمی شکل دی جائے گی۔