نئی دہلی ۔11جولائی (اے پی پی):بھارتی ریاست اتر پردیش میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں ایک دن میں کم از کم 38 افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں گزشتہ روز سب سے زیادہ 11 اموات پرتاپ گڑھ میں رپورٹ کی گئیں۔ ایسے واقعات میں سلطان پور میں 7، چندولی میں 6، مین پوری میں 5، پریاگ راج میں4، اوریا، دیوریا، ہاتھرس، وارانسی اور سدھارتھ نگر میں ایک ایک موت رپورٹ کی گئی ۔ ان اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں درجنوں افراد جھلس کر زخمی بھی ہوئے ہیں۔مشرقی اتر پردیش کے چندولی میں اس دوران کئی لوگ زخمی بھی ہوئے اور ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔ ضلع میں بدھ کی شام 4 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان آسمانی بجلی گرنے کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔اتر پردیش کے ضلع چندولی میں زیادہ تر متاثرین جن میں 13 اور 15 سال کی عمر کے دو کزن بھی شامل ہیں، کھیتوں میں کام یا ماہی گیری کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہوئے۔
سلطان پور میں ہونے والی7اموات میں تین بچے بھی شامل ہیں۔ متاثرین میں سے کچھ لوگ دھان لگا رہے تھے اور کچھ پانی لانے گئے تھے۔ شدید بارش کے دوران ایک درخت کے نیچے پناہ لینے والی ایک خاتون آسمانی بجلی گرنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئی۔اوریا میں ایک 14 سالہ لڑکا بارش کے دوران آم کے درخت کے نیچے پناہ لینے کے دوران مر گیا۔ دیوریا میں 5 سالہ بچی کھیتوں کی طرف جاتے ہوئےآسمانی بجلی گرنے سے دم توڑ گئی،وارانسی میں دو بھائیوں پر آسمانی بجلی گر گئی جن میں سے ایک جھلس کر دم توڑ گیا اور دوسرا اس وقت زیر علاج ہے۔بھارتی محکمہ موسمیات نے اتر پردیش اور اس سے ملحقہ ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اگلے پانچ دنوں میں شدید بارش کی پیش گوئی کی ہے۔