اسلام آباد۔7ستمبر (اے پی پی):بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام، بے نظیر ایمرجنسی کیش اسسٹینس کے تحت سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں 866,455 خاندانوں کو 21,661,375,000روپے تقسیم کر چکا ہے۔ بدھ کی شام تک بلوچستان میں 102,460 متاثرہ خاندانوں کو 2,561,500,000 روپے مل چکے ہیں۔
سندھ میں 512,667 خاندانوں کو 12,816,925,000 روپے مل چکے ہیں۔ کے پی میں 107,070 خاندانوں کو 2,676,750,000 روپے موصول ہوئے ہیں اور پنجاب میں 144,248 خاندانوں کو 3,606,200,000 روپے ملے ہیں۔ ملک میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں قائم 377 خصوصی کیمپوں کے ذریعے اب تک کل شناخت شدہ مستحقین میں سے 76 فیصد کو ادائیگیاں کی جا چکی ہیں۔
وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پاس 38 ملین خاندانوں کا ڈیٹا موجود ہے۔ اس ڈیٹا کی بنیاد پر سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کو 25000 روپے فی خاندان دیئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان جیسے ممالک کو موسمیاتی بحران کے لیے تیار رہنا ہو گا، جس کے لیے ایسے فنڈز کی ضرورت ہے اور ایسے ممالک کیلئے مشکل معاشی حالات سے باہر نکلنا ممکن نہیں ہوتا۔
وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ / چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) محترمہ شازیہ مری کی ہدایت پر تمام ادائیگی مراکز متاثرین کو ادائیگیوں کے لیے تعطیلات میں کھلے رکھے جاتے ہیں۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی انتظامیہ نے کیمپ سائٹس پر موجود متعلقہ عملے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں لوگوں کیساتھ مکمل تعاون کریں۔