تنازعات کے باعث 6کروڑ 60 لاکھ افراد کے بے گھر ہوجانے پر مہاجرین کے عالمی ادارہ کی اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل پر کڑی نکتہ چینی

91

نیو یارک ۔ 03 نومبر (اے پی پی) دنیا بھر میں تنازعات کے باعث 6کروڑ 60 لاکھ افراد کے بے گھر ہوجانے پر مہاجرین کے عالمی ادارہ نے اقوامتحدہ اور سلامتی کونسل پر کڑی نکتہ چینی کی ہے جو تنازعات کی روک تھام میں ناکام رہے ہیں ۔ جمعہ کو عالمی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق مہاجرین کے عالمی ادارہ کے سربراہ فلیپو گرینڈی نے عالمی ادارہ کے ذیلی ادرہ یواین ایچ سی آر کے ایک اجلاس میں بتایا کہ 2009 ءمیں دنیا بھر میں تنازعات سے بے گھر ہونے والے افراد کی تعداد 42 ملین افراد تھی جو کہ اب بڑھ کر 66 ملین ہو گئی ہے جس سے پتہ چلتاہے کہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی تنازعات حل کرنے کی استعداد کار کم ہو گئی ہے اور بین لاقوامی سطح پرتعاون میں بھی کمی آئی ہے ۔ گرینڈی نے بے گھر افراد کی تعداد میں کمی کے لئے تنازعات کے حل کو پائیدار طریقہ قرار دیا ۔ گرینڈی نے اپنے خطاب میں افغانستان ، عراق اور شام کی صورتحال کا حوالہ بھی دیا ۔