34.3 C
Islamabad
اتوار, اپریل 20, 2025
ہومزرعی خبریںجامعہ زرعیہ فیصل آبادوملتان اور آسٹریلیا کے تعاون سے پہلی باربہترین پیداواری...

جامعہ زرعیہ فیصل آبادوملتان اور آسٹریلیا کے تعاون سے پہلی باربہترین پیداواری صلاحیت کی ہائبرڈ گندم کی لائنیں تیارکی جارہی ہیں،ڈاکٹر ذوالفقار

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 18 اپریل (اے پی پی):جامعہ زرعیہ فیصل آباد،ایگریکلچر یونیورسٹی ملتان اور آسٹریلیا کے تعاون سے پاکستان میں پہلی بار ہائبرڈ گندم کی لائنیں تیارکی جارہی ہیں جو پیداواری صلاحیت میں اضافے کے لیے سنگ میل ثابت ہوں گی۔ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی (آن لائن)نے ویٹ اینڈ کراپ مینجمنٹ سمٹ کی ٹیم کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ڈاکٹر ساجد علی کنٹری نمائندے اور ڈاکٹر انصار احمد ریسرچ ایسوسی ایٹ سمٹ نے ڈاکٹر جاوید احمد ڈائریکٹر گندم ایوب ایگریکلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ہمراہ زرعی یونیورسٹی کا دورہ کیا۔

اجلاس کے دوران پاکستان میں ہائبرڈ گندم کے دائرہ کار اور اس سلسلے میں تعاون پر تبادلہ خیال کیاگیا۔ اس موقع پر پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس کے سائنسدان ڈاکٹر محمد کاشف، ڈاکٹر رضوانہ مقبول، ڈاکٹر عمیرہ سحر رانا، ڈاکٹر راحیلہ رحمان، محمد فرحان اور محمد اویس بھی موجود تھے۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ ہائبرڈ گندم کی تیاری کیلئے اسے مقامی لائنزمیں ٹیسٹ کیا جا رہا ہے جس کے ٹھوس نتائج سامنے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ وقت کی اہم ترین ضرورت ہے کیونکہ یہ ترقی یافتہ دنیا کے مقابلے بہت کم ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے یونیورسٹی کے ہائبرڈ گندم کے تحقیقی کام پر بھی روشنی ڈالی۔یونیورسٹی کے گندم کے دیگر اقدامات کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب سیڈ کونسل نے حال ہی میں زرعی یونیورسٹی فیصل آبادکی تیار کردہ خشک سالی اور گرمی کو برداشت کرنے والی گندم کی نئی قسم چناب پاستا24 کی منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے واشنگٹن سٹیٹ یونیورسٹی کے تعاون سے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف مزاحمت رکھنے والی گندم کی لائنز تیار کی ہیں۔

ڈاکٹر ساجد علی نے کہا کہ سمٹ کا عالمی گندم پروگرام زیادہ پیداوار کی حامل، غذائیت سے بھرپور، بیماری اور آب و ہوا سے مزاحمت رکھنے والی گندم کی لائنز کیلئے تمام ممکنہ کاوشیں عمل میں لا رہا ہے تاکہ فی ایکڑ پیداوار کے خواب کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے گندم کی پاکستان کی پہلی ہائبرڈ لائنز تیار کرنے پر یونیورسٹی کی کوششوں کو سراہا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=583975

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں