جموں و کشمیر تنازعہ ، ایف اے ٹی ایف پر چین کی حمایت کو سراہتے ہیں، سی پیک کے مخالف عناصر کامیاب نہیں ہوں گے، چیئرمین سینیٹ

70
Chairman Senate
Chairman Senate

اسلام آباد۔11اگست (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے بنیادی قومی مفاد کے امور، جموں و کشمیر تنازعہ اور ایف اے ٹی ایف پر چین کی حمایت کو سراہتے ہیں، پاک چین اقتصادی راہدای کے مخالف عناصر کامیاب نہیں ہوں گے، پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت پاکستان کی اولین ترجیح ہے۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاوُس میں ان سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال جبکہ پاکستان اور چین کا باہمی مفاد کیلئے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات کے دوران دونوں ملکوں کا خطے میں امن ، خوشحالی اور ترقی کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ "اسٹریٹجک تعاون شراکت داری ” پاک چین تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جائے گی، دونوں حقیقی دوست ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کے قومی مفاد کے بنیادی امور’’ ون چائنا پالیسی ‘‘، تائیوان، تبت، ہانگ کانگ اور بحیرہ جنوبی چین پر چین کی حمایت کرتا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی بروقت تکمیل کے لیے پرعزم ہے، حکومت پاکستان میں چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے تمام اقدامات کر رہی ہے۔ چینی سفیر نونگ رونگ نے کہا کہ پاکستان چین کا قریبی دوست ہے ، چین دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے، چین کے تجربات پاکستان کی سماجی اور معاشی خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے، چین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کو تائیوان کی صورتحال پر گہری تشویش ہے، تائیوان کا مسئلہ سنگین ہونے کی صورت میں علاقائی امن اور استحکام شدید متاثر ہونے کا خطرہ ہے، یوکرین اور دنیا کے دیگر خطوں میں جاری تنازعات کے بعد دنیا ایک اور بحران کی متحمل نہیں ہو سکتی، نیا تنازعہ اگر پیدا ہوتا ہے تو اس کے عالمی امن، سلامتی اور معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ چینی سفیر نے کہا کہ چین علاقائی امن کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا۔