راولپنڈی۔15جنوری (اے پی پی):ڈویژنل فاریسٹ آفیسر مری نے ایک وضاحتی بیان کہا گیا ہے کہ میڈیا میں جنگلات میں آگ لگنے کے تین مختلف مقامات کے حوالے سے رپورٹس حقائق پر مبنی نہیں ہیں۔ بدھ کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کے جنگل میں آگ لگنے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔ گھوڑا گلی کے جنگل میں آگ لگنے کے واقعہ میں دس منٹ سے بھی کم وقت میں آگ پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا۔
سمبلی کے جنگل میں کھجوت کے قریب جنگل کی آگ قریبی نجی زمین سے جنگل میں داخل ہوئی تھی جس پر رات کو ہی 100 فیصد قابو پا لیا گیا ہے۔ میڈیا میں درختوں کے جلنے کی خبریں بھی بے بنیاد اور محض لاس اینجلس کے جنگل کی آگ جیسا تاثر دینے کی کوشش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام معاملات کنٹرول میں ہیں اور اس آگ سے کسی ایک بھی درخت کو نقصان نہیں پہنچا، عوام سے درخواست ہے کہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں۔