حکومت جنوبی پنجاب کو مساوی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ اپنے وعدوں کو پورا کررہی ہے، امید ہے کوئی بھی سیاسی جماعت نئے صوبے کے بل کی مخالفت نہیں کرے گی وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان

54

اسلام آباد ۔ 12 مارچ (اے پی پی) وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ پنجاب کے پسماندہ علاقے کی ترقی اور انہیں تیز رفتار بنیادوں پر بڑے شہروں کی طرز پر مساوی سہولیات کی فراہمی پی ٹی آئی کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔نجی ٹی وی چینل کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوامی فلاح و بہبود کے لیے ایسے اقدامات کرتی رہی ہے جنہیں ماضی کے دور حکومتوں میں نظرانداز کیا گیا تھا اور پی ٹی آئی کی حکومت بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے پرعزم ہے۔علی محمد خان نے کہا کہ مختلف شعبوں میں جامع اصلاحات متعارف کروا کر ایک نئی مثال قائم کی گئی ہے اور جنوبی پنجاب کی تشکیل سے اس علاقے کے عوام کے دیرینہ مسائل بھی حل ہوجائیں گئے۔ انہوںنے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے عمران خان کی متحرک قیادت میںنیا صوبہ بنانے کے لیے اسمبلی میں بل پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو اس عزم کی تکمیل کی طرف پہلا قدم ہوگا اور جو جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ پی ٹی آئی کی حکومت کیا گیا وعدہ تھا۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومتوں نے صرف لاہور شہر اور اس کے گرد و نواح کی ترقی پر ہی توجہ دی جبکہ جنوبی پنجاب کے عوام اپنے حقوق سے محروم تھے کیونکہ ان پر کچھ بھی خرچ نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں اس کی تکمیل کے لئے کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکتا کیونکہ اس ضمن میں قانون سازی کرنے میں وقت لگے گا ، تاہم امید ہے کہ کوئی بھی سیاسی جماعت نئے صوبے کے بل کی مخالفت نہیں کرے گی۔