اسلام آباد۔24ستمبر (اے پی پی):نگراں وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا ہے کہ حکومت مضبوط معیشت کےلئے ٹیکس نیٹ کو بڑھانے، توانائی کے شعبہ کو درپیش مسائل کے حل کےلئے پرعزم ہے، معیشت کی خوشحالی کو یقینی بنانے کےلئے حکومتی ملکیتی اداروں کی شفافیت اور گورننس میں بہتری ضروری ہے۔ اتوار کو وزارت خزانہ کے آفیشل ایکس اکائونٹ سے جاری ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ نگراں وزیر خزانہ سے کراچی میں پی بی سی کے وفد نے ملاقات کی ۔
ملاقات کے دوران وفد کی جانب سے نگراں حکومت کی طرف سے سمگلنگ کی روک تھام، ایکسچینج کو درست سمت لانے اور عالمی مالیاتی فنڈ کی معاونت کے حوالے سے کی جانے والی کاوشوں کوسراہا۔ ڈاکٹر شمشاد اختر نے کہا کہ مضبوط معیشت کے لئے حکومت ٹیکس بیس کو بڑھانے اور توانائی کے شعبہ سےمتعلق مسائل کے حل کےلئے پرعزم ہے۔انہوں نے ریاستی ملکیتی اداروں میں شفافیت اور گورننس کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے معاشی خوشحالی ممکن ہے ۔