حکومت نے متوازن بجٹ دیا ، معاشی اورسفارتی سطح پر کامیابیاں حاصل کی ہیں ، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

14
حکومت نے متوازن بجٹ دیا ، معاشی اورسفارتی سطح پر کامیابیاں حاصل کی ہیں ، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں حکومت نے متوازن بجٹ دیا ، ملازمین سمیت کئی شعبوں کوریلیف دینے کی کوشش کی گئی ، دفاعی بجٹ میں اضافہ بروقت ہے، پوری قوم افواج پاکستان کومضبوط دیکھناچاہتی ہے، اتحادی حکومت نے متفقہ طور پر معاشی اورسفارتی سطح پر کامیابیاں حاصل کی ہیں ۔

منگل کو قومی اسمبلی میں بجٹ پربحث میں حصہ لیتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہاکہ حکومت کی معاشی ٹیم کے ارکان کی تجاویز نوٹ کر رہے ہیں، موجودہ حالات میں حکومت نے متوازن بجٹ دیا ہے، ملازمین سمیت کئی شعبوں کو ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومت نے متفقہ طور پر معاشی اورسفارتی سطح پر کامیابیاں حاصل کی ہیں، بلاول بھٹو زرداری سفارتی محاذ پر پاکستان کا مقدمہ اچھے انداز میں لڑرہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب تک اتفاق رائے کے ساتھ تمام فیصلے کئے گئے اورمستقبل میں بھی متفقہ فیصلے کئے جائیں گے، اپنے تحفظات کے اظہار کا سب کو حق حاصل ہے، اس سے قبل کینالز اور دیگر مسائل پر بھی اتفاق رائے سے فیصلے ہوئے ۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ پی ایس ڈی پی میں خیبرپختونخواکےلئے کئی اہم منصوبے شامل ہیں تاہم فنڈز میں صوبے کا حصہ کم ہے، ضم شدہ اضلاع کےلئے کئی اہم منصوبے بجٹ کاحصہ ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ بار بار اسلام آباد پر حملہ کرنے اور اسلحہ ساتھ لانے کے بیانات نہیں دینے چاہئیں ، امریکا میں بھی ان کااحتجاج ناکام ثابت ہوا ۔ ان کا کہنا تھا کہ دفاعی بجٹ میں اضافہ بروقت ہے، پوری قوم افواج پاکستان کومضبوط دیکھناچاہتی ہے، حالیہ بھارتی جارحیت کے دوران مسلح افواج نے شاندارکرداراداکیا۔انہوں نے کہاکہ پورے صوبہ خیبرپختونخوا کے عوام کی تقدیرکوایک شخص کی قید سے نتھی کرنا جائز اورمناسب نہیں ۔

وفاقی وزیرنے کہاکہ سابق پاٹا اورفاٹا میں 10فیصدسیلزٹیکس کے حوالے سے ان کے خلاف پراپیگنڈہ کیا جا رہا ہے، ہم نے ماضی میں فاٹا اورپاٹا کے مسائل کے حل کےلئے اپنا کرداراداکیا،ماضی میں ہم نے ملاکنڈ ڈویژن میں ٹیکس کے نفاذ کے فیصلے کوواپس لینے میں اپناکرداراداکیاتھا، اس پر قائد مسلم لیگ ن محمد نواز شریف اوروزیراعظم کے شکرگزارہیں۔انہوں نے کہاکہ سیلزٹیکس بھی صرف درآمدی خام مال پرہے،سوشل میڈیا پراس حوالے سے غلط اوربے بنیادخبریں چلائی جارہی ہیں ۔