13.3 C
Islamabad
ہفتہ, مارچ 15, 2025
ہومقومی خبریںختم نبوت پر یقین نہ رکھنے والا مسلمان نہیں ہو سکتا، ہر...

ختم نبوت پر یقین نہ رکھنے والا مسلمان نہیں ہو سکتا، ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی کی دل آزاری کیے بغیر اسلاموفوبیا کے خلاف مہم میں حصہ لے، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف کا پریس کانفرنس سے خطاب

- Advertisement -

اسلام آباد۔14مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ ختم نبوت پر یقین نہ رکھنے والا مسلمان نہیں ہو سکتا، ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے کہ وہ کسی کی دل آزاری کیے بغیر اسلاموفوبیا کے خلاف مہم میں حصہ لے، ملک میں بسنے والے تمام مذاہب کے لوگوں کو ایک دوسرے کے احترام کو یقینی بنانا ہوگا، سوشل میڈیا استعمال کرنے والے بچوں پر والدین کڑی نظر رکھیں۔

جمعہ کے یہاں وزارت مذہبی امور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جس ہستی کی وجہ سے ہماری پہچان ہے وہ رحمتہ اللعالمین صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ہستی ہے ، آج( 15 مارچ کو) عالمی یوم تحفظ ناموس رسالت کے سلسلے میں اقوام متحدہ نے عالمی اسلاموفوبیا ڈے منانے کا اعلان کررکھا ہے ، رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے احترام کا اعتراف سب مذاہب کرتے ہیں، کسی بھی شکل میں نبی اکرمﷺ کی توہین کی سزا سزائے موت ہے، پہلے عمر قید یا سزائے موت کی سزا تھی ۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ مجھے اللہ پاک نے اعزاز بخشا نوازشریف کے ایک سابقہ دور حکومت میں میں نے 295میں ترمیم پیش کی ، میری ترمیم کے مطابق اب توہین رسالت کی سزا صرف اور صرف سزائے موت ہے ، اقوام متحدہ کی طرف سے اسلاموفوبیا ڈے منانے کے اعلان پر ہم ہر سال یہ دن مناتے ہیں ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت مذہبی امور نے تمام صوبوں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو بھی عالمی یوم تحفظ ناموس رسالت منانے کے لئے خطوط لکھے ہیں ، آج جمعہ کے موقع پر مساجد میں تحفظ ناموس رسالت پر خطبات دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر بعض شرپسند عناصر کی جانب سے توہین مذہب کی جاتی ہے، اس حوالے سےوزارت مذہبی امور کے پورٹل پر شکایات درج کرائی جائیں ، نوجوان نسل سوشل میڈیا کا استعمال کرتے ہوئے بہت ہی احتیاط سے کام لے ، بعض اوقات نوجوان نسل کو اندازہ بھی نہیں ہوتا کہ وہ توہین پر مبنی پوسٹ شیئر کر دیتے ہیں ، توہین آمیز پوسٹ کرنے کے بعد ان لوگوں کو سخت مشکلات سے گزرنا پڑتا ہے ، والدین اپنے بچوں پر نظر رکھیں کہ وہ سوشل میڈیا پر کوئی توہین آمیز پوسٹ شیئر نہ کریں ۔

وزیر مذہبی امور نے کہا کہ سوشل میڈیا پر انتہائی احتیاط سے کام کریں، توہین آمیز پوسٹوں سے گریز کریں ، سوشل میڈیا پر جانے انجانے میں پوسٹ شیئر ہوجاتی ہے پھر وہ لوگوں کیلئے مصیبت بن جاتی ہے، رحمت اللعالمین تمام جہانوں، تمام انسانوں اور مخلوقات کیلئے بھی رحمت اللعالمین ہیں ۔ختم نبوت پر جو یقین نہیں رکھتا وہ دائرہ اسلام سے خارج ہے، اس پر کوئی دو رائے نہیں، مذہب کے معاملے پر کوئی جبر نہیں، پاکستان میں سب کو اپنے اپنے عقائد میں آزادی حاصل ہے ، جہاں اقلیت کا احترام ہے وہیں اکثریت کا بھی احترام کیا جائے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ توہین صحابہ و اہل بیت بل دونوں ایوانوں سے منظور ہوا تھا معلوم نہیں وہ اس وقت کہاں ہے ، اگر وہ بل واپس آئے گا تو مشترکہ اجلاس سے منظور ہوگا ، تاحال اس وقت علم نہیں ہے کہ وہ بل اس وقت کہاں اور کس پوزیشن پر ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=572604

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں