اسلام آباد۔16دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بدترین دشمن نے 16 دسمبر کو معصوم بچوں اور بے گناہ اساتذہ کو ناحق شہید کیا،یہ دن ہمارے عزم کا نشان بن چکا ہے کہ ہم دہشتگردی کے خلاف لڑتے رہیں گے،بچو ں اوراساتذہ نے اپنے قیمتی لہو سے پرامن پاکستان کی بنیاد رکھی
وزیر داخلہ محسن نقوی نے آرمی پبلک سکول پشاور کے شہداء کی برسی پراپنے پیغام میں کہا کہ درندہ صفت دہشتگردوں نے ننھے پھولوں کو بے دردی سے مسل کر سفاکیت کا بزدلانہ فعل کیا۔شہداء اے پی ایس شہید آج بھی قوم کے دلوں میں زندہ ہیں جبکہ بزدل دشمن کے لئے پاک دھرتی تنگ کر دی گئی ہے۔
شہدائے اے پی ایس نے قوم کو دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کیلئے ایک کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی قربانیاں پاکستان کے ہر فرد کے دل میں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔ شہید بچے اور اساتذہ پوری قوم کے ہیرو ہیں اور ان کے خاندانوں کو سلام اور مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔ قوم آج شہداء کی لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کررہی ہے۔